ایوب ملاح: شادیوں پر مووی بنانے سے دستاویزی فلموں تک

کراچی میں ماہی گیروں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے مقامی فلمساز ایوب ملاح اپنی دستاویزی فلموں کا استعمال کرتے ہیں، جنہیں وہ سوشل میڈیا اور اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔

کراچی میں ماہی گیروں کی سب سے بڑی بستی ابراہیم حیدری میں مقامی ماہی گیر کئی مسائل سے دوچار ہیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ان مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

 ماہی گیروں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے مقامی فلمساز ایوب ملاح اپنی دستاویزی فلموں کا استعمال کرتے ہیں۔

ان دستاویزی فلموں کو وہ یوٹیوب چینل اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ ایوب نے دستاویزی فلمیں بنانے کا آغاز 2014 میں کیا تھا لیکن کیمرا چلاتے ہوئے انہیں 35 سال ہوگئے ہیں۔

ایوب کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی کیمرا آپریٹ کرنے کا شوق تھا اور جب محلے کی شادیوں میں مووی میکر ویڈیو بناتے تھے تو ان کو بھی شوق ہوتا تھا کہ وہ بھی ان کے ساتھ یہ کام کریں۔

 پھر ایک دن انہیں موقع مل گیا۔ شروع میں وہ صرف لائٹ پکرتے تھے اور آہستہ آہستہ کام سیکھ کر انہوں نے اپنا ایک کیمرا لے لیا۔

 شادیوں میں موویز بناتے بناتے ایوب نے اپنے محلے کے دوستوں کے ساتھ ٹیلی فلمز بھی بنانا شروع کر دیں اور کامیڈی فلمیں بھی بنائیں۔

بعد ازاں انہوں نے ایک سندھی فلم بنائی، جس کا نام ’فیصلو تقدیر جو‘ (فیصلہ تقدیر کا) تھا۔

2015 میں ایوب نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک ڈاکیومنٹری بنائی جس کا عنوان تھا ’داستان زینب۔‘ یہ دستاویزی فلم انہوں نے کراچی لٹریچر فیسٹیول کے مقابلے میں جمع کروائی اور اس فیسٹیول میں ان کی یہ ڈاکیومینٹری تیسرے نمبر پر آئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد انہیں بہت عزت اور پذیرائی ملی اور انہیں مزید ڈاکیومینٹریز بنانے  کا شوق ہوا۔

ایوب بتاتے ہیں کہ کیمرے مہنگے ہونے کی وجہ سے وہ اب اپنے موبائل سے ہی فلمیں بناتے ہیں اور اسی موبائل سے بنائی ہوئی ڈاکومینٹریز سے کئی مقابلے بھی جیت چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کے مسائل پر کوئی بات نہیں کرتا، نہ تو حکومت توجہ دیتی ہے اور نہ ہی متعلقہ محکمہ۔

ایوب کا ارادہ ہے کہ وہ اپنی دستاویزی فلموں کے ذریعے ان ماہی گیروں کے مسائل اجاگر کریں گے اور انہیں سوشل میڈیا پر چلائیں گے۔

وہ آج کل تمر کے جنگلات اور جھینگا مچھلی کے بارے میں دستاویزی فلمیں بنا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان