انڈیا میں پل گرنے سے کم از کم 130 افراد ہلاک

مقامی میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ 500 کے قریب لوگ اس پل پر مذہبی تہوار کی رسومات ادا کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

انڈیا کی مغربی ریاست گجرات کے شہر موربی میں 30 اکتوبر 2022 کی شام کو گرنے والے پل کے مناظر میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں (روئٹرز)

انڈیا میں ایک پل کے گرنے سے کم از کم 130 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

گجرات کی ریاستی حکومت کے وزیر برجیش مرجا کے مطابق اتوار کو بھارت میں 150 سال پرانا سسپنشن پل گرنے سے اب تک 130 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ 

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اب تک 130 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مقامی میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ 500 کے قریب لوگ اس پل پر مذہبی تہوار کی رسومات ادا کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

انڈیا کی صدر دروپدی مرمو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’موربی گجرات میں ہونے والے حادثے کی وجہ سے میں دل گرفتہ ہوں۔ میرے خیالات اور دعائیں متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔ متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 100 سے زیادہ لوگ اب بھی دریا میں لاپتہ ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برطانوی دور کے معلق پل کو مہینوں کی مرمت کے بعد اس ہفتے عوام کے لیے دوبارہ کھولا گیا تھا۔

گجرات کے حکام کے مطابق پل گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے اور غوطہ خوروں کو لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جو اپنی آبائی ریاست گجرات کے دورے پر تھے حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی پر پل کے گرنے کی ویڈیو نشر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ گرنے والے پل کر پکڑ کر جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نریندر مودی نے احکامات جاری کیے ہیں کہ ریسکیو کے لیے ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے اور صورتحال کو قریب سے مسلسل مانیٹر کیا جائے نیز متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے۔

پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے دو لاکھ انڈین روپے کی امداد کا اعلان ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے کیا گیا ہے۔

گجرات حکومت نے ہلاک شدگان کے اہلخانہ کے لیے چارلاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا