انڈیا کے شہر متھرا کی پولیس نے انسداد منشیات عدالت میں جمع کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شیرگڑھ اور ہائی وے تھانوں کے مال خانے میں رکھی پانچ سو کلوگرام سے زیادہ چرس چوہے ’کھا‘ گئے ہیں۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب دعویٰ اس وقت سامنے آیا عدالت نے متھرا پولیس کو انسداد منشیات ایکٹ کے تحت درج ہونے والے مقدمے میں لی گئی چرس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
پولیس کا یہ بیان سننے کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے ایس ایس پی متھرا کو چوہوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد 60 لاکھ انڈین روپے مالیت کی 581 کلو چرس کے کھائے جانے کا ثبوت پیش کرنے کا حکم دیا۔
قبل ازیں پولیس افسروں نے جج کو بتایا کہ چوہے چھوٹے ہیں، لیکن پولیس سے نہیں ڈرتے، اور ان سے چرس کو محفوظ بنانا ناممکن ہے۔
اس سے پہلے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر رنوویر سنگھ کا کہنا تھا کہ شیرگڑھ اور ہائی وے تھانوں کے ایس ایچ او صاحبان کا دعویٰ ہے کہ مال خانے میں رکھی گئی 581 کلوگرام چرس چوہوں نے تباہ کر دی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
2020 میں مھترا میں تین افراد کو پکڑا گیا جو ٹرک کے ذریعے چرس سمگل کر رہے تھے۔ ٹرک کو تھانہ شیرگڑھ کے علاقے میں واقع جٹواری نامی گاؤں میں روکا گیا۔ ٹرک سے 386 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جو بوریوں میں بھری گئی تھی۔
اسی طرح کا ایک دوسرے واقعے میں ضلع اتاہ کے تھانہ کوتوالی دیہات میں سامنے آیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 35 لاکھ انڈین روپے مالیت کی 1400 کارٹنز میں بند شراب چوہوں نے پی لی۔
تاہم ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ ایس ایچ او اندریش پال سنگھ اور کلرک رسال سنگھ نے شراب بنتویادو نامی گینگسٹر کو فروخت کی تھی، جس کے بعد دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
(ایڈیٹنگ: عبداللہ جان | ترجمہ: علی رضا)