'کپتان کی سیاسی پہچان مریم نواز'

مسلم لیگ ن کی مرکزی سیاست سے غائب رہنے والے کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدرحالیہ دنوں میں مریم نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں میں ان کے شانہ بشانہ نظر آ رہے ہیں۔

کوئٹہ جلسے میں کیپٹن (ر) صفدر مریم نواز کے ہمراہ ہیں جبکہ تصویر کے بائیں طرف محمود اچکزئی براجمان ہیں۔ (تصویر: ٹوئٹر مسلم لیگ نواز) ۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن کی سیاست میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں۔

مریم نواز شریف کا جلسہ ہو یا عدالت میں پیشی، کیپٹن صفدر ٹرک، سٹیج اور ایئر پورٹ پر ان کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں اور ان کی گاڑی چلاتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

 

گذشتہ چند برسوں میں جب مریم نواز سیاست میں اپنے قدم جما رہی تھیں وہی کیپٹن صفدر سیاسی افق سے غائب ہوتے نظر آ رہے تھے۔

ایک وقت ایسا بھی تھا جب کیپٹن صفدر قومی اسمبلی میں اس وقت کے وزیر اعظم اور اپنے سسر نواز شریف کے منظور نظر پرنسپل سیکریٹری پر تنقید کیا کرتے تھے۔ پاناما کیس میں عدالتی پیشیوں کے دوران بھی کیپٹن صفدر نواز شریف اور مریم نواز سے علیحدہ نظر آتے تھے۔  حتیٰ کہ اکتوبر 2016 میں کیپٹن صفدر کی قومی اسمبلی میں ایک تقریر پر مریم نواز نے ان کے موقف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تقریر ان کے خاوند کی ذاتی رائے تھی اور پارٹی یا خود وہ ان کی رائے سے متفق نہیں۔

جب نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو احتساب عدالت نے سزا سنائی تو اس وقت بھی کیپٹن صفدر نے راولپنڈی میں دونوں سے علیحدہ گرفتاری دی تھی۔ اس وقت نواز شریف اور مریم نواز دونوں برطانیہ میں تھے۔

میاں نواز شریف اس وقت پابند سلاسل اور حمزہ شہباز بھی نیب کی تحویل میں ہیں۔ ایسے میں کیپٹن صفدر مریم نواز کی ہر سیاسی سرگرمی میں شانہ بشانہ نظر آ رہے ہیں جس سے ان کے سیاسی کم بیک کا تاثر ملتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار سلمان غنی کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی تربیت ایک فوجی افسر کے ہوئی ہے اسی لیے ان کی سیاسی بصیرت وہ نہیں جو باقی سیاستدانوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر کیپٹن صفدر نے سیاست میں حصہ لینا ہے تو سیاست میں ان کی پہچان اب مریم نواز ہیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی مریم نواز کے ہمراہ سیاسی کارروائیوں میں حالیہ تیزی کیا منصوبہ بندی کے تحت ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی اپنی روایات ہیں اور انہیں اب اپنی اہلیہ کے پیچھے کھڑا ہونا پڑے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مسلم لیگ ن کی سیاسی سرگرمیاں کور کرنے والے جیو ٹی وی کے صحافی عثمان بھٹی سے جب انڈپینڈنٹ اردو نے پوچھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی سیاسی ہلچل کے پیچھے کیا محرکات ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر ابھی اس لیے فعال ہیں کیونکہ مریم نواز کے والد نواز شریف جیل میں ہیں اور ان کا بیٹا ملک سے باہر ہے جس کی وجہ سے ان کے شوہر کا ان کے ساتھ ہونا ضروری ہے، ورنہ لوگ تنقید کریں گے کہ وہ کہاں ہیں۔

عثمان بھٹی نے کہا کہ کیپٹن صفدر کے مریم نواز کے ہمراہ رہنے سے اچھا سیاسی پیغام جاتا ہے اور مریم نواز کے پاس اور کوئی اور چارہ بھی نہیں ہے کیونکہ جب حمزہ شہباز نیب کی حراست میں نہیں تھے تو تب وہ مریم نواز کے ساتھ ہوا کرتے تھے جیسے بلاول بھٹو کے افطار میں وہ مریم نواز کے ساتھ گاڑی چلا کر آئے اور اس سے پہلے نواز شریف گاڑی میں آگے بیٹھتے تھے اور مریم نواز پیچھے بیٹھتی تھیں مگر اب دونوں ہی حراست میں ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست