پاکستانی کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں فاسٹ بولر حسن علی کی واپسی ہوئی ہے۔
پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق اس کے علاوہ میں مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام کو سکواڈ میں شامل کیا ہے جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کی ہے۔ کامران نے اظہر علی کی جگہ لی ہے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جب کہ حسن علی نے فاسٹ بولر محمد علی کی جگہ لی ہے، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دو میچوں میں حصہ لیا تھا۔
حسن علی نے آخری ٹیسٹ جولائی 2022 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا مگر انہیں انگلینڈ کے دورے کے لیے نظر انداز کیا گیا تھا۔ اب بظاہر سیلیکشن کمیٹی کو شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی غیر موجودگی میں ان کے تجربے کی ضرورت پڑ گئی ہے۔ حسن علی نے اب تک 21 ٹیسٹ میچوں میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
حارث رؤف کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہ راولپنڈی ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ تاہم کندھے کی تکلیف کی وجہ سے ملتان اور کراچی ٹیسٹ سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو فٹ قرار دیا جا رہا ہے اور انہیں سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف دورے کا آغاز 26 دسمبر سے ہو رہا ہے۔
ٹیسٹ سکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، نعمان علی، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود۔
دورے کا شیڈیول
- 26 دسمبر: پہلا ٹیسٹ، کراچی۔
- تین جنوری: دوسرا ٹیسٹ، ملتان۔
- 10 جنوری: پہلا ون ڈے، کراچی۔
- 12 جنوری: دوسرا ون ڈے، کراچی۔
- 14 جنوری: تیسرا ون ڈے، کراچی۔