برازیلین پولیس نے فٹبال سٹار نیمار کے خلاف ریپ کے الزامات کا کیس ناکافی شواہد کی بنا پر ختم کر دیا ہے۔
ساؤ پاؤلو میں اٹارنی جنرل دفتر کی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ منگل کو پولیس کا فیصلہ پراسیکیوٹرز تک پہنچا دیا جائے گا، جو اگلے 15 دنوں میں فیصلے کا جائزہ لیں گے۔ پورے معاملے کا حتمی فیصلہ ایک جج کریں گے۔
نیمار پہلے ہی اپنے اوپر مئی میں پیرس کے ایک ہوٹل میں برازیلین خاتون کے ریپ کے الزامات کی سختی تردید کر چکے ہیں۔
نیمار کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ پولیس کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔ ساؤ پاؤلو پولیس اس حوالے سے منگل کو ایک پریس کانفرنس کرے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ سکینڈل دو جون کو اس وقت سامنے آیا تھا جب نیمار نے انسٹاگرام پر سات منٹ کی ایک ویڈیو شائع کی، جس میں انھوں نے انکشاف کیا کہ ان پر ریپ کا الزام ہے۔
ان کی جانب سے یہ ویڈیو الزامات کے خلاف اپنے دفاع کے طور پر سامنے آئے تھی لیکن نیمار کی ویڈیو کے بعد نجیلا کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات اور تصاویر بھی سامنے آگئیں، جو کے نجیلا کی اجازت کے بغیر تھیں اور یہ ممکنہ طور پر برازیل کے قوانین کی خلاف ورزی بھی تھی۔
یہ معاملہ فٹبال کے دیوانے ملک برازیل کے میڈیا اور روزمرہ پر اتنا چھایا رہا کہ قومی ٹیم کی کوپا امریکہ کی تیاریاں تک متاثر ہوئیں۔
میزبان برازیل نے جنوبی امریکہ کا انتہائی معتبر ٹورنامنٹ کوپا امریکہ نیمار کے بغیر ہی جیتا، جو ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ایک دوستانہ میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔