سپین میں نئے سال کے آغاز پر رئیز ماغوز (Reyes Magos) یعنی ’جادوئی بادشاہوں‘ کے نام سے تہوار منایا جاتا ہے۔
یہ تہوار اس روایت سے منسوب ہے جس کے مطابق حضرت عیسٰی کی پیدائش پہ ایشیا، یورپ اور افریقہ سے تین بادشاہ حضرت عیسیٰ کے پاس آئے اور انہیں تحائف پیش کیے تھے۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی رئیز ماغوز(جادوئی بادشاہ) جب بارسلونا پہنچے تو میئر بارسلونا آدا کولائو نے شہر کی چابی بادشاہوں کے حوالے کر دی تاکہ وہ بچوں کے گھروں میں تحائف پہنچا سکیں۔
شہر میں داخل ہونے کے بعد بگھیوں میں سوار ان بادشاہوں کا قافلہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہر بھر کے لوگ اس کے استقبال کے لیے سڑک کی دونوں جانب جمع ہوتے ہیں اور تالیاں بجا کر اس قافلے کا استقبال کرتے ہیں۔
مختلف تنظیمیں اور ادارے اپنی اپنی بگھیاں منفرد انداز میں سجاتی ہیں اور موسیقی کی دھنوں پر قافلے کے ہمراہ چلتے جاتے ہیں۔ یہ مناظر قابل دید ہونے کے ساتھ ساتھ قابل داد بھی ہیں۔
اس موقعے پر شہر کے بچے میئر کو خط لکھتے ہیں جس میں وہ اپنی معصوم خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
جادوئی قافلے کے اختتام پر بادشاہ کچھ بچوں کی خواہشات پوری کرتے ہوئے میئر کی طرف سے دیے گئے تحائف شہر کے بچوں میں تقسیم کرتے ہیں۔
اسی طرح والدین بھی بچوں کی خواہشات کے مطابق ان کے تحائف صبح جاگنے سے پہلے ان کے کمروں میں رکھ دیتے ہیں اور بچوں کو بتایا جاتا ہے کہ یہ تحائف رئیز ماغوز یعنی جادوئی بادشاہ لائے ہیں ۔
رئیز ماغوز کا تہوار بچوں کے لیے امید، محبت اور خوشیوں کا تہوار ہے جسے منانے کے سب ہی انداز خوبصورت اور منفرد ہیں۔