ایمریٹس کے ایک جہاز نے کاربن سے پاک 100 فیصد پائیدار ایویشن فیول (ایس اے ایف) کے ساتھ تاریخ ساز پرواز کا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
ایمریٹس ایئرلائن نے اپنے جہاز بوئنگ 777-300 ای آر پر اپنی پہلی نمائشی پرواز چلائی ہے، جس میں اس کے ایک انجن کو 100 فیصد پائیدار ایوی ایشن فیول (ایس اے ایف) فراہم کیا گیا۔
طیارے نے دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (ڈی ایکس بی) سے اڑان بھری اور کیپٹن فالی وجیفدار اور کیپٹن خالد نصیر اکرم نے دبئی کی ساحلی پٹی پر ایک گھنٹے سے زائد وقت تک پرواز کی۔
ایس اے ایف کی جانب سے چلائی جانے والی یہ نمائشی پرواز خاص اہمیت کی حامل ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات نے 2023 کو ’استحکام کا سال‘ قرار دیا ہے۔
یہ سال توانائی، آب و ہوا کی تبدیلی اور استحکام سے متعلق دیگر مسائل جیسے چیلنجز کے جدید حل تلاش کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اظہار کرے گا۔
ایمریٹس کی نمائشی پرواز مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں 100 فیصد ایس اے ایف فیول سے چلنے والی پہلی پرواز ہے، جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کے لائف سائیکل کا اخراج کم کرنے کی وسیع تر کوششوں کی حمایت کرتی ہے کیونکہ وہ ایوی ایشن انڈسٹری میں ایس اے ایف کے استعمال کو بڑھانا چاہتی ہے۔
ان پروازوں سے مستقبل میں ایس اے ایف کے لیے پلے بک کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی اور مستقبل کی سرٹیفکیشن میں بھی سہولت ملے گی، جہاں طیاروں کے لیے 100 فیصد ڈراپ ان ایس اے ایف ایندھن کی منظوری دی جاتی ہے۔ فی الحال ایس اے ایف کی تمام طیاروں میں استعمال کی منظوری ہے، لیکن ابھی روایتی جیٹ فیول کے ساتھ صرف 50 فیصد تک کے مرکب کی اجازت ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایمریٹس نے شراکت داروں جی ای ایرو سپیس، بوئنگ، ہنی ویل، نیسٹ اور ویرنٹ کے ساتھ مل کر ایس اے ایف کا مرکب خریدنے اور اسے تیار کرنے کے لیے کام کیا، جو بالکل روایتی جیٹ فیول کی جیسی خصوصیات رکھتا ہے۔
ہر مرکب کے تناسب پر، کیمیائی اور فزیکل فیول کی خصوصیات کی پیمائش کی گئی۔ متعدد لیبارٹری ٹیسٹوں اور سخت آزمائشوں کے بعد وہ مرکب کے ایسے تناسب پر پہنچے جو جیٹ فیول کی خصوصیات کی عکاسی کرتے ہیں۔
100 فیصد ایس اے ایف فیول ایک جی ای 90 انجن کو فراہم کیا گیا جبکہ روایتی جیٹ فیول کی دوسرے انجن کو فراہمی جاری رہی۔
ایمریٹس ایئر لائن کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الرضا نے کہا: ’یہ پرواز ایمریٹس کے لیے تاریخ ساز وقت ہے اور ہماری صنعت کے لیے ایک مثبت قدم ہے کیونکہ ہم اپنے سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک یعنی کاربن کے اخراج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ بلاشبہ 100 فیصد ایس اے ایف فیول کی حامل پرواز کو اڑان بھرتے ہوئے دیکھنا ایک طویل سفر رہا ہے۔ ایمریٹس دنیا کی پہلی مسافر ایئرلائن ہے، جس نے جی ای انجن والے بوئنگ 777 کو 100 فیصد ایس اے ایف فیول سے اڑایا۔
’اس طرح کے اقدامات ایس اے ایف فیول سے متعلق صنعتی معلومات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مستقبل کی ریگولیٹری منظوریوں کے لیے ایس اے ایف کے بہتر مرکبات کے استعمال کو ظاہر کرنے کے لیے اعداد و شمار فراہم کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس طرح کی تاریخ ساز نمائشی پروازیں ایس اے ایف فیول کی سپلائی چین کو بڑھانے میں مدد دیں گی اور اسے جغرافیائی سطح زیادہ دستیاب اور قابل رسائی بنائیں گی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مستقبل میں ایوی ایشن انڈسٹری میں اسکا استعمال بڑھنے سے یہ پروازیں کم لاگت کی حامل ہوں گی۔‘