تیس سال پہلے جب پرتگال کے چھوٹے سے گاؤں میں لیونل کوسٹا کا کتا پیدا ہوا تو اس وقت کوسٹا کی عمر صرف آٹھ سال تھی، اور لیونل کوسٹا کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کا پیارا کتا بوبی ایک دن دنیا کا معمر ترین کتا بن جائے گا۔
جب پرتگال کی رفیرو ڈو آلن ٹیجو کی خالص نسل کے ’بوبی‘ نے گذشتہ سال اپنی 30 ویں سالگرہ منائی تو کوسٹا کو علم تھا کہ ان کے کتے نے تقریباً ایک صدی پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو 1939 میں مرنے والے آسٹریلوی کیٹل نسل کے کتے نے بنایا تھا۔
موت کے وقت اس کتے کی عمر 29 سال اور پانچ ماہ تھی۔
کوسٹا نے گنیز بک آف دا ورلڈ ریکارڈز کے ساتھ رابطہ کیا اور تمام ضروری دستاویزات ارسال کر دیں۔ ایک سال بعد ان کے کتے کو باضابطہ طور پر دنیا کا معمر ترین کتا نامزد کر دیا گیا۔ چار فروری کو بوبی کی عمر 30 سال اور 269 سال تھی۔
38 سالہ کوسٹا بتاتے ہیں کہ ’ہم جو فخر محسوس کر رہے وہ بتا نہیں سکتے۔‘ انہوں نے اپنے کتے کو وسطی پرتگال کے چھوٹے سے گاؤں کونکیروس میں ایک گرجا گھر کے قریب پالا۔
کوسٹا کا کہنا ہے کہ ’کچھ لوگوں نے ہمیں بتایا کہ ہم ایسا نہیں کر پائیں گے۔ لیکن ہمیں بوبی کی عمر کا پتہ تھا اور ہمیں یقین تھا کہ معائنہ کرنے سے وہی بات ثابت ہو گی جس کا ہمیں پہلے سے علم ہے۔‘
گنیز بک آف دا ورلڈ ریکارڈ نے جمعرات دو فروری کو اعلان کیا کہ بوبی کو ’حیرت انگیز‘ کتا قرار دیا جاتا ہے۔
جس وقت بوبی پیدا ہوا کوسٹا کے خاندان کے پاس بہت سے جانور اور بہت کم مالی وسائل تھے۔ اس لیے کوسٹا کے والد جو ایک شکاری تھے عام طور پر نوزائیدہ پِلوں کو پالنے کی بجائے زمین میں دفن کر دیتے تھے، لیکن بوبی لکڑیوں کے ڈھیر میں چھپ گیا۔
کوسٹا اور اس کے بہن بھائیوں نے اسے کچھ دنوں بعد ڈھونڈ لیا اور اسے اس وقت تک راز میں رکھا جب تک کہ کتے کی آنکھیں نہ کھلیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بوبی کی نسل کی عمر عام طور پر 12 سے 14 سال ہوتی ہے۔ کوسٹا نے بوبی کی طویل عمر کو کئی عوامل سے منسوب کیا، جن میں پرسکون دیہی علاقوں میں رہنا، کبھی زنجیر اور پٹے سے نہ باندھا جانا اور اسے ہمیشہ وہ خوراک دینا شامل ہے جو انسان کھاتے ہیں۔
کوسٹا نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’بلاشبہ اس کی پوری زندگی میں ہماری محبت اور چاہت سے بھی مدد ملی۔‘
اگرچہ بوبی کو اب بھی چلنا پسند ہے لیکن عمر اثر انداز ہو رہی ہے۔ بوبی کم مہم جوئی کرتا ہے۔ اس کے بال جھڑ رہے ہیں، نظر کمزور ہو گئی ہے اور اسے پہلے سے زیادہ آرام کرنے کی ضرورت ہے۔
کوسٹا کو امید ہے کہ بوبی کی زندگی کے مزید کئی سال ہوں گے اور وہ شکر گزار ہیں کہ کتے نے دور افتادہ کنکیروس نامی گاؤں کا نام نمایاں کیا ہے۔