برطانیہ میں پولیس نے جمعرات کو ایک 28 سالہ شخص پر دو بزرگ شہریوں کے قتل کی کوشش کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے، جنہیں الگ الگ حملوں میں مسجد سے نکلنے کے بعد آگ لگانے کی کوشش کی گئی تھی۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے کہا کہ وسطی انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ایجبسٹن سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ محمد بکر کو شہر کی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
انسداد دہشت گردی پولیس کی تفتیش کے بعد حملہ آور کو منگل کو گرفتار کیا گیا تھا۔
27 فروری کو مغربی لندن اور پیر کو برمنگھم میں پیش آنے والے واقعات میں بکر نے مبینہ طور پر دو افراد پر آتش گیر مادہ پھینکا اور پھر انہیں آگ لگا دی تھی۔
برطانوی دارالحکومت میں ہونے والے حملے میں متاثر ہونے والے 82 سالہ شخص کا چہرہ اور بازو شدید جھلس گئے تھے اور وہ اب زیر علاج ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کے مطابق مجرم نے پٹرول پھینکنے اور آگ لگانے سے پہلے انہیں بات چیت میں مشغول کیا تھا۔
برمنگھم حملے میں 70 سالہ محمد ریاض کو اس وقت آگ لگائی گئی جب وہ پیر کی شام شہر کے علاقے ایجبسٹن میں ایک مسجد سے نماز کی ادائیگی کے بعد گھر جا رہے تھے۔
وہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے عوام سے سکیورٹی کیمروں، دروازوں کی گھنٹیوں سے منسلک کیمروں کی فوٹیج یا دیگر ویڈیو فراہم کرنے اپیل کی ہے جس سے تفتیش میں مدد مل سکتی ہے۔