ایئر بی این بی کے ایک میزبان کو 1570 ڈالر (1260 پاؤنڈ) کا ایک بل موصول ہوا ہے جو اس کارروائی کا نتیجہ ہے جو بکنگ منسوخ نہ کروانے کے بعد ایک جوڑے نے انتقامی طور پر کی تھی۔
ایس بی ایس ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ جوڑے نے میزبان کو سزا دینے کے لیے چین سے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کا سفر کر کے 25 دن تک ایک وِلا میں قیام کیا۔
انہوں نے اس مدت کے دوران گیس اور پانی کی ٹونٹیاں مسلسل کھلی رکھیں جس کی وجہ سے ان سہولتوں کے بل میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق جوڑے کے ایئر بی این بی کے توسط سے قیام کی بکنگ کروانے کے بعد مسائل پیدا ہوئے۔
اگرچہ ولا سیول میں واقع ہے لیکن یہ دارالحکومت کا ایک مضافاتی علاقہ ہے، شہر کے وسط میں نہیں۔ جب جوڑے کو اس بات کا علم ہوا تب تک وہ بکنگ کروا چکا تھا اور 25 دن کے قیام کے لیے مکمل ادائیگی کر دی تھی۔
لیکن بکنگ جاری رکھنے یا مسئلہ ایئر بی این بی کے ساتھ زیر بحث لانے کی بجائے مذکورہ جوڑے نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
میزبان کے مطابق، جن کی شناخت صرف لی کے نام سے ہوئی، جوڑے نے ان کے ساتھ رابطہ کیا اور پوچھا کہ کیا عمارت میں نگرانی کرنے والے کوئی کیمرے ہیں؟
ایک بار جب انہوں نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ کیمرے نہیں ہیں تو جوڑے نے عمارت میں جا کر اتنی زیادہ سے زیادہ لائٹس، نلکوں، بجلی کے آلات اور گیس کو کھول دیا جتنا وہ کھول سکتے تھے۔
انہوں نے ولا میں قیام نہیں کیا بلکہ جنوبی کوریا کے مختلف حصوں کی سیر میں مصروف رہے۔
وہ 25 دن میں صرف پانچ بار ولا لوٹے اور ہر بار وہاں پانچ منٹ یا اس سے بھی کم وقت کے لیے قیام کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جوڑے کی روانگی کے بعد لی کو پتہ چلا کہ کوئی گڑ بڑ ہوئی ہے۔
گیس کمپنی نے ان کے ساتھ رابطہ کرکے انہیں گیس کے زیادہ استعمال کے بارے میں بتایا اور خدشہ ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے کہ گیس لیک ہو رہی ہو۔
جب میزبان ولا پہنچے تو انہیں پتہ چلا کہ وہ خالی ہے۔ اس کی کھڑکیاں کھلی ہوئی ہیں اور گیس نکل رہی ہے۔
انہیں پانی اور بجلی کا 116 ڈالر اور گیس کا 730 ڈالر کا بل موصول ہوا جب کہ ’متفرق اخراجات‘ کی مد میں 728 ڈالر کا بل ملا۔
مذکورہ جوڑے نے ولا میں اپنے قیام کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار لیٹر پانی استعمال کیا۔
ایس بی ایس کی رپورٹ کے مطابق ایئر بی این بی کسٹمر سروس کا کہنا ہے کہ فضائی کمپنی ’پالیسی سے انحراف نہیں کرے گی اور نہ معاوضہ ادا کرے گی۔‘ دی انڈپینڈنٹ نے تبصرے کے لیے ایئر بی این بی کے ساتھ رابطہ کیا۔
ایئر بی این بی کا ایئر کور عمارت یا میزبان کے سامان کو پہنچنے والے نقصان کے خلاف میزبان کو تحفظ فراہم کرتا ہے لیکن یوٹیلیٹی بل اس میں شامل نہیں ہیں۔
لی کو مبینہ طور پر جوڑے کے ساتھ براہ راست تنازع حل کرنے کے لیے کہا گیا تھا لیکن وہ پہلے ہی جا چکا تھا۔
© The Independent