چینی وزیر خارجہ کا پانچ مئی سے دورہ پاکستان

چین کے وزیر خارجہ چن گینگ دو روزہ دورے کے دوران پاکستان چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کے ساتھ ساتھ پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

14 اپریل 2023 کی اس تصویر میں چینی وزیر خارجہ چن گینگ بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران  (اے ایف پی)

چین کے وزیر خارجہ چن گینگ جمعے (پانچ مئی) سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔

یہ دورہ وہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر کر رہے ہیں، جو عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستانی اور چینی وزرائے خارجہ پاکستان چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

چن گینگ پانچ مئی کو انڈین شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد پہنچیں گے اور چھ مئی کو پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک ڈائیلاگ میں چینی وفد کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اور چین کے درمیان تیسرے سٹریٹجک ڈائیلاگ چین میں جولائی 2021 میں ہوئے تھے۔

پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس بھی چھ مئی کو اسلام آباد میں ہوگا۔

موجودہ میکانزم کے تحت وزرائے خارجہ کا آخری سہ فریقی اجلاس ستمبر 2019 میں منعقد ہوا تھا۔

علاقائی صورت حال کے علاوہ وزرائے خارجہ کی جانب سے افغانستان کو پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں شامل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کا امکان ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چینی اور پاکستانی حکام ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ وہ طالبان کے زیر قیادت افغانستان کو اربوں ڈالر کے سی پیک انفراسٹرکچر منصوبے میں خوش آمدید کہیں گے۔ سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا حصہ ہے۔

افغانستان جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک اہم جغرافیائی تجارت اور ٹرانزٹ روٹ ہے اور اس کے پاس اربوں ڈالر کے معدنی وسائل موجود ہیں۔

اس سے قبل رواں ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کمیٹی نے پاکستان کی درخواست پر قائم مقام افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی کو پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے لیے اسلام آباد کے سفر کی اجازت دی تھی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کی جانب سے سلامتی کونسل کی 15 رکنی کمیٹی کو لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی تھی کہ امیر خان متقی کو چھ سے نو مئی کے درمیان ’پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات‘ کے لیے استثنیٰ دیا جائے۔

افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی پر سلامتی کونسل کی جانب سے سفر کی پابندی اور اثاثے منجمد ہیں۔

سلامتی کونسل کی کمیٹی نے گذشتہ ماہ فوری امن، سلامتی اور استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھی امیر خان متقی کو ازبکستان جانے کی اجازت دی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا