ایلون مسک نے ٹوئٹر پر کالز اور انکرپٹڈ میسجنگ سمیت نئے فیچرز کے بارے میں تفصیلات کا انکشاف کیا ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’جلد ہی آپ کے اکاؤنٹ سے اس پلیٹ فارم پر موجود کسی بھی شخص کے لیے وائس اور ویڈیو چیٹ ہوگی تاکہ آپ دنیا میں کہیں بھی لوگوں کو اپنا فون نمبر دیے بغیر ان سے بات کر سکیں۔‘
گذشتہ سال مسک نے ’ٹوئٹر 2.0 دی ایوری تھنگ ایپ‘ کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں انکرپٹڈ ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز)، لانگ فارم ٹوئٹس اور پیسوں کی ادائیگیوں جیسے فیچرز ہوں گے۔
ٹوئٹر پر کال کا فیچر اس مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو میٹا کی سوشل میڈیا ایپلی کیشنز فیس بک اور انسٹاگرام کی طرح بنا دے گا، جن میں اسی طرح کے فیچرز موجود ہیں۔
ایلون مسک نے کہا کہ انکرپٹڈ براہ راست پیغامات کا ایک ورژن بدھ سے ٹوئٹر پر دستیاب ہوگا، لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کالز انکرپٹڈ ہوں گی یا نہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ میٹا کی جانب سے چلائی جانے والی واٹس ایپ میسجنگ سروس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
ٹوئٹر میں پیغام رسانی کا فیچر میسنجر، سگنل، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ سمیت متعدد مفت سروسز کا مقابلہ کرے گا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے جب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالا ہے اس وقت سے بہت اس سوشل میڈیا سائٹ پر بہت سی تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔
ان تبدیلیوں میں سرفہرست بلیو ٹک کے حوالے سے نئی پالیسی ہے۔ اس نئی پالیسی کے بعد بہت سی نامور شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک واپس لے لیا گیا ہے۔
ٹوئٹر نے رواں ہفتے کہا تھا کہ وہ کئی برسوں سے غیر فعال اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا عمل شروع کرے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایلون مسک نے کہا تھا کہ کئی برسوں سے غیر فعال رہنے والے اکاونٹس کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا، جس سے صارفین کے فالورز میں کمی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر رہے ہیں جن پر کئی برسوں سے کوئی سرگرمی نہیں نظر آئی، اس لیے آپ کے فالوورز کی تعداد ممکنہ طور پر کم ہو سکتی ہے۔
جان کارمک نامی ایک صارف نے ایلون مسک کی ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ یہ بہت بڑی غلطی ہوگی کیونکہ تمام غیر فعال اکاؤنٹس پر موجود ’تاریخی‘ ٹویٹس بھی غائب ہو جائیں گی۔
ٹوئٹر کے سی ای او نے اس صارف کے ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ مذکورہ اکاؤنٹس آرکائیو میں موجود ہوں گے یعنی ریکارڈ کا حصہ رہیں گے۔ لیکن ترک شدہ اکاؤنٹس سے جان چھڑانا ضروری ہے۔
ٹوئٹر کی پالیسی کے مطابق، اپنے اکاونٹ کو مستقل بند ہونے سے بچانے کے لیے صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ مہینے میں کم از کم ایک بار اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں۔