’یہ AI ورژن ہے‘: نیمل خاور کو تصاویر پر ٹرولنگ کا سامنا

گذشتہ دو دن سے نیمل خان کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے، جس کی وجہ ان کا کام نہیں بلکہ ان کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر ہیں، جن میں صارفین کے مطابق وہ کچھ ’بدلی بدلی‘ سی نظر آ رہی ہیں۔

نیمل خاور خان اداکاری کے علاوہ پینٹنگ بھی کرتی ہیں (تصویر: نیمل خاور انسٹاگرام اکاؤنٹ)

پاکستانی اداکارہ نیمل خاور خان نے صرف ایک ڈرامہ اور ایک فلم کر کے ہی مداحوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی تھی، مگر اس کے بعد وہ پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی سے شادی کر کے انڈسٹری کو خیرباد کہہ گئیں۔

لیکن گذشتہ دو دن سے نیمل خان کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے، جس کی وجہ ان کا کام نہیں بلکہ ان کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر ہیں، جن میں صارفین کے مطابق وہ کچھ ’بدلی بدلی‘ سی نظر آ رہی ہیں اور ان کے چہرے پر نظر آنے والی تبدیلیوں کو ’سرجری‘ قرار دے کر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر پر صارم حسن نامی صارف نے نیمل کی حالیہ اور پرانی تصاویر کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا: ’میں امید کرتا ہوں کہ یہ دوسری خاتون نیمل نہیں بلکہ ان کا AI ورژن ہے۔‘

ملک عبید اعوان نے طنزیہ انداز میں کہا: ’جب آپ قدرتی طور پر خوبصورت ہوں لیکن آپ کے پاس ایک کاسمیٹک ڈرماٹولوجسٹ نند ہوں تو آپ ’خوبصورت ترین‘ نظر آتے ہیں۔‘


نیمل خاور کی نند اور حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی مشہور ڈرماٹولوجسٹ ہیں۔

اسی طرح گوپی نامی صارف نے اداکارہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’اسے نیم البدل کہتے ہیں۔‘
 

سوشل میڈیا ٹرولنگ کے بعد نیمل خاور کی بہن فضا خاور بھی میدان میں آئیں اور انہوں نے اپنی بہن کی انسٹا پوسٹ پر لکھا: ’یہاں دوسری خواتین کی طرف سے کیے گئے نفرت انگیز تبصرے پریشان کن ہیں، صرف اس لیے کہ کوئی عوامی شخصیت ہے تو آپ کو حق نہیں پہنچتا کہ اس پر ایسے تنقید کریں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’آپ سب کو اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ آپ کے دل کو کس چیز نے اتنا تاریک بنا دیا ہے کہ آپ دوسری خواتین کو اس طرح نیچا دکھا رہے ہیں۔ نرم دلی دکھائیں، اس سے آپ کی روح کو سکون ملے گا۔‘

پاکستانی اداکارہ مایا علی نے بھی نیمل کی انسٹا پر لگائی گئی تصویر پر لکھا: ’آپ اتنی ہی خوبصورت ہیں، جتنا آپ کا دل۔‘

اسی طرح ایک صارف نے نیمل کی تصویر پر اپنے تبصرے میں ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں حوصلہ بھی دیا کہ ’آپ خوبصورت ہیں۔ ان منفی باتوں سے خود کو کم نہ سمجھیں، آپ اب بھی ویسی ہیں۔ ہمیشہ کی طرح پراعتماد اور مضبوط رہیں۔‘

جس پر نیمل نے ان کی پوسٹ پن بھی کی اور ریپلائی میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’کاش دیگر لوگ بھی سوشل میڈیا پر مہربان رویہ رکھتے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ