اسلام آباد کی پہاڑیوں پر سڑک بنانے کی تجویز، لوگوں کے مشورے

چیف کمشنر اسلام آباد نے مرگلہ کی پہاڑیوں پر نئی سڑک بنانے کے حوالے سے ٹوئٹر پر رائے مانگی تو لوگوں نے کئی خیال پیش کر دیے۔

12 جنوری، 2022 کو اسلام آباد میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ملازمین مونال ریسٹورنٹ کے باہر چہل قدمی کر رہے ہیں  (اے ایف پی)

چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد نور الامین مینگل نے ٹوئٹر صارفین سے پہاڑوں پر جانے کے لیے ایک نیا راستہ بنانے کا مشورہ مانگا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مشورے دیے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے ٹویٹ کرتے ہوئے ایک مسئلے کی طرف توجہ دلائی کہ دامنِ کوہ اور پیر سوہاوہ کی سڑک بعض اوقات ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے تنگ ہو جاتی ہے۔

جس کا حل انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتانے کے لیے سوال کیا: ’کیا ہمیں پیر سوہاوہ سے بری امام اور تھرڈ ایونیو تک سڑک کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ اس سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں آسانی ہو؟‘  آخر میں انہوں نے صارفین سے ہاں یا نہ کہنے کا بھی کہا۔

ان کی پوسٹ کے نیچے صارفین نے  ہاں یا نہ کے علاوہ کئی مشورے بھی دیے۔

احمد نامی صارف نے لکھا کہ ’ نور صاحب پہلی بات، سڑک کافی خطرناک ہے لیکن پھر بھی پیر سوہاوہ کی طرف جانے کے لیے ایک آسان راستہ ہے۔ سڑک اور دوسرے راستے کی توسیع ایک اچھا خیال ہے۔ سی ڈی اے کو مونال سے سید پور تک لفٹ لگانے اور مہم جوئی کے لیے اسی روٹ پر زپ لائن لگانے کا بھی سوچنا چاہیے۔ اس سے سی ڈی اے کی آمدنی میں لاکھوں کا اضافہ ہو سکتا ہے۔‘

 فخر یوسف زئی نے اس خیال کو رد کرتے ہوئے اپنے رائے کا اظہار کیا کہ ’نہیں، ہم نے پہلے ہی نیشنل پارک مارگلہ ہلز اور اپنے گرین ایریا کو نقصان پہنچایا ہے۔‘

سید رضوان محبوب نے ٹویٹ کی، ’مارگلہ کے جنگلوں میں بری امام  پیر سوہاوہ کی طرف نیا روڈ لوپ مارگلہ سے ترت سلگراں کی طرف وائلڈ لائف موومنٹ کوریڈور کا گلا گھونٹ دے گا۔ مارگلہ میں موٹرسائیکل سواری چار دہائیوں سے چلی آ رہی ہے، جبکہ چیتے تقریباً 50 ہزار سال سے آباد ہیں۔‘

عبداللہ مومند نے لکھا:’سڑک بنانے سے اچھا ہے کہ پرائیویٹ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کریں اور مونال تک بس سروس شروع کریں۔ ماحولیات کو تباہ نہ کریں۔‘

ایک اور صارف کامران ہاشمی نے بھی اسلام آباد میں ایک نئی روڈ بنانے کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا اس سے تنگ سڑک کا مسئلہ حل ہو جائے گا؟ بالکل نہیں۔ مزید سڑکیں بنانا ٹریفک کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔ چڑیا گھر سے پیر سوہاوہ تک ٹرام یا ٹرین سروس بنائیں اور سڑک پر پرائیویٹ کاروں کو روکیں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ