انڈپینڈنٹ اردو کی ’نیا پاکستان سکور کارڈ‘ سیریز میں گذشتہ ایک سال کے دوران سول ملٹری تعلقات پر ماہرین نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو دس میں سے پانچ نمبر دیے ہیں۔
سول ملٹری تعلقات پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین، جن میں ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف، ماروی سرمد اور زاہد حسین شامل تھے، ںے حکومت کی کارکردگی کو بالترتیب سات، صفر اور آٹھ نمبر دیے۔
ماضی میں پاکستان کے اندر کسی بھی حکومت کے استحکام میں سول ملٹری تعلقات انتہائی اہم عنصر رہے ہیں۔ ماہرین سے جب سول ملٹری تعلقات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کی متضاد رائے سامنے آئی۔
ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف اور زاہد حسین کے مطابق ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے فوج سے بہتر تعلقات ہیں جبکہ ماروی سرمد کا کہنا تھا سول ملٹری تعلقات کے توازن میں موجودہ حکومت نے بہت زیادہ جگہ کھوئی اور اس کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ادوار میں سول حکومتوں نے کوشش کی کہ سول بالادستی کو قائم کیا جا سکے۔
جب ماہرین سے سول حکومت کے کسی ایک اچھے قدم کے حوالے سے پوچھا گیا تو ماروی سرمد نے کہا کہ فوج کا وزیراعظم عمران خان پر اعتماد اچھا قدم ہے جبکہ ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت بنتے ہی وزیراعظم عمران خان کو فوجی ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ دینا ایک اہم موقع تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
زاہد حسین کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کا ایک ساتھ نظر آنا مثبت بات ہے۔
گذشتہ ایک سال میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے ایک غیر مقبول قدم پر زاہد حسین کا کہنا تھا فوج کا حکومت پر غلبہ زیادہ لگ رہا ہے اور ماروی سرمد کے مطابق سول حکومت کا فوج کے سامنے گھٹنے ٹیک دینا ایک منفی بات ہے۔
ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف کے مطابق انہیں گذشتہ ایک سال میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے کوئی منفی واقعہ یاد نہیں۔