گلگت بلتستان پولیس نے اتوار کو بتایا کہ ضلع دیامر میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جان سے گئے جبکہ 13 زخمی ہو گئے، جن کو قریبی علاقے جنگلوٹ کے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
ڈی ایس پی عندلیب نے بتایا کہ میڈیا میں ابتدا میں 12 اموات کی خبریں رپورٹ ہوئیں جو غلط تھیں کیونکہ موقعے پر تین افراد فوت ہوئے اور دو نے ہسپتال میں دم توڑا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تھانہ گوہر آباد کے سٹیشن ہیڈ افسر (ایس ایچ او) شاہ مرزا نے مقامی ہسپتال میں دو اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ گلگت کی سرحد کے پاس تھلیچی کے مقام پر پیش آیا۔
انہوں نے کہا: ’کوسٹر میں کُل 18 سیاح تھے۔ جو صوبہ پنجاب سے آ رہے تھے۔ ان میں مرد وخواتین اور بچے شامل تھے۔‘
ایس ایچ او کے مطابق اگرچہ وثوق سے فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن اکثر اس شاہراہ پر حادثات تیز رفتاری اور غلط ڈرائیونگ کا شاخسانہ ہوتے ہیں۔
ایس ایچ او نے کہا کہ کوسٹر سڑک پر لوہے کا جنگلہ توڑ کر نیچے گری۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے رواں ماہ دو حادثات پیش آئے جن میں کُل پانچ افراد فوت ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 13 افراد زخمی ہوئے۔