آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد پاکستان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ دو سال تک جاری رہنے والا مقابلہ ہے جس میں ایک غیر متنازع عالمی ٹیسٹ چیمپیئن کو لیگ مہم کے اختتام پر تاج پہنایا جاتا ہے۔
لیگ کے فارمیٹ میں ہر ٹیم ڈبلیو ٹی سی فائنل کے کوالیفائرز کا تعین کرنے کے لئے تین ہوم اور تین بیرون ملک سیریز کھیلتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی ٹیم نے گذشتہ ہفتے سری لنکا کو گال کے میدان میں سعود شکیل کی ڈبل سینچری کی بدولت شکست سے دوچار کیا تھا اور اپنی اسی کارکردگی کا تسلسل کولمبو میں بھی جاری رکھا ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں سپنر ابرار احمد اور سبک رفتار نسیم شاہ کی مجموعی سات وکٹوں کی کارکردگی نے سری لنکا کی پہلی اننگز کو 166 رنز پرسمیٹ دیا تھا۔
دوسری جانب کیریبین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز انڈیا کو ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں ڈرا کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں پاکستان کو پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹرینیڈاڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کے میچ کے ڈرا ہونے کے بعد پاکستان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی درجہ بندی میں سرفہرست آ گیا ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023-2025 میں حصہ لینے والی ٹیموں میں انڈیا دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر ہیں۔