ڈیجیٹل میڈیا میں تمغہ امتیاز لینے والے پہلے پاکستانی

اس سال تقریباً 300 افراد کو سول ایوارڈز سے نوازا جا رہا ہے جن میں 29 سالہ فہد ملک کم عمر ترین ہیں۔

پاکستان کی وفاقی حکومت نے سول ایوارڈز کے لیے تقریباً 300 ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جن میں فہد ملک بھی شامل ہیں، جنہیں ڈیجیٹل میڈیا کی فیلڈ میں تمغہ امتیاز سے نوازا جا رہا ہے۔

29 سالہ فہد ملک اس کیٹیگریز میں اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔

انڈیپنڈنٹ اردو نے فہد ملک سے خصوصی ملاقات کی، جس میں ان کے اس سفر اور ڈیجیٹل میڈیا کے مستقبل کے بارے میں جاننے کی کوشش کی۔

 سب سے پہلے فہد ملک سے ان کے کیرئیر کی شروعات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا: ’2013 میں میری کمپیوٹر سائنس کی ڈگری شروع ہوئی، اتنے اچھے مارکس نہیں تھے اس وجہ سے بہتر یونیورسٹی میں داخلہ نہیں ملا۔ ٹوئٹر پر میں 2010 سے ایکٹو تھا، تو ایک ادارے نے مجھ سے ٹوئٹر پر کام کرنے کے لیے مدد طلب کی۔ ان کے ساتھ کام شروع کیا۔ صبح پڑھائی ہوتی اور چار بجے آفس ہوتا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’2010 کے بعد سے کچھ سیاسی پارٹیاں سوشل میڈیا پر بہت ایکٹیو ہو رہی تھیں اور اس وقت میں اسی فیلڈ سے منسلک تھا۔

’میری کمپیوٹر سائنس کی ڈگری تھی اور میں ہمیشہ سے پروگرامر بننا چاہتا تھا لیکن میری جاب کی وجہ سے مجھے محسوس ہوا کہ مجھے یہ چیز خوشی دیتی ہے اور اسی جاب پر میں نے گرافک ڈیزاننگ سیکھی، ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھی، سوشل میڈیا سیکھا، ڈیجیٹل میڈیا سیکھا۔‘

فہد ملک سے جب ڈیجیٹل میڈیا میں ان کے کام کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے پچھلے 10 سالوں میں کئی سرکاری اداروں کے ساتھ کام کیا، جن میں نیشنل آئی ٹی بورڈ، ڈی سی اسلام آباد آفس، اسلام آباد پولیس، چیف سیکریٹری پنجاب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس، پنجاب پولیس وغیرہ جن کو مختلف موقعوں پر میں مدد کرتا رہا ہوں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہم تمام سرکاری دفاتر کو سوشل میڈیا پر لے آئے اور اس سے یہ ہوا کہ احتساب پبلک ہو گیا۔ آپ کا مسئلہ ہے آپ نے اس سے متعلق ڈی سی یا کمشنر کو ٹیگ کر کے ٹوئٹ کر دی اب اگر وہ آپ کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو اس کی تنقید ٹوئٹر پر ہی ہونی ہے اور یہاں ہر کسی کا افسر ہے تو اس بندے کا جو باس ہے وہ بھی ٹوئٹر پر موجود ہے۔

’اس سے ہوا یہ کہ افسران کی کارکردگی میں بہتری آئی، اور وہ اس پر ردعمل دینے لگے، تو ہم نے افسران اور سرکاری دفاتر کے درمیان جو خلا تھا اسے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کم کرنے کی کوشش کی۔‘

کیا ڈیجیٹل میڈیا مین سٹریم میڈیا کو پیچھے چھوڑ سکے گا؟

اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ’2010 کے بعد سوشل میڈیا کے استعمال میں بہت تیزی آئی ہے اور پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثے استعمال کرنے والوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹی وی چینلز اور آن لائن پلیٹ فارمز میں بہت سارے ویب پر ہیں۔ بلکہ ٹی وی چینلز شروع بعد میں ہوتا ہے پہلے اس کی ڈیجیٹل موجودگی پر کام شروع ہو جاتا ہے۔

’تو بڑے چینلز اب اپنی معلومات کو پھیلانے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔ آپ ٹی وی کم دیکھ رہے ہوتے ہیں لیکن فیس بک پر نیوز زیادہ دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اگلے پانچ سے 10 سال میں ٹی وی بالکل تو ختم نہیں ہو گا لیکن سوشل میڈیا اسے 70 سے 80 فیصد کم کر دے گا۔‘

ان کے مستقبل کے سفر سے متعلق سوال پر انہوں نے یہ اشعار سنائے:

کر لوں گا جمع دولت و زر، اس کے بعد کیا؟

لے لوں گا شاندار سا گھر، اس کے بعد کیا؟

موج آئے گی تو سارے جہاں کی کروں گا سیر

واپس وہی پرانا نگر، اس کے بعد کیا؟

شعر و سخن کی خوب سجاؤں گا محفلیں

دنیا میں ہو گا نام مگر، اس کے بعد کیا

اک روز موت زیست کا در کھٹکھٹائے گی

بجھ جائے گا چراغ قمر، اس کے بعد کیا؟

اٹھی تھی خاک خاک سے مل جائے گی وہیں

پھر اس کے بعد کس کو خبر، اس کے بعد کیا؟

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل