آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی ستمبر 2023 میں ’تھیٹر فیسٹیول‘منعقد کرے گا جس میں شرکت کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے تھیٹر آرٹسٹ پاکستان آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار آٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے صدر احمد شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کے دوران کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان کا سب سے بڑا تھیٹر شو کراچی آرٹس کونسل میں ہونے جا رہا ہے اس سے پہلے آرٹ کی دنیا میں اس طرح کی کوئی ایسی سرگرمی نہیں ہوئی، سینکڑوں آرٹسٹ اس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
’ہم سرحدوں سے باہر جا کر اس پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں ساری دنیا سے فنکاروں کو اس پلیٹ فارم کا حصہ بنا رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہاں کے آرٹسٹ ہمارے ہاں آئیں اور ہمارے طلبہ وہاں جائیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں 44 تقریبات منعقد کی جائیں گی اور ایک ماہ تک مختلف اقسام اور موضوعات پر تھیٹر منعقد کیے جائیں گے۔
آرٹس کونسل کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ اس تھیٹر فیسٹیول میں تمام فنکاروں کو آزادی حاصل ہے کہ وہ اپنی تخلیق کو جس انداز میں بھی پیش کریں لیکن احسن انداز میں۔
’تھیٹر کے ذریعے معاشرے کے تمام پہلوؤں کی عکاسی کی جائے گی، پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں امریکہ، سری لنکا، ایران اور دیگر ممالگ سے مندوبین شرکت کریں گے۔‘
احمد شاہ کے مطابق: ’ہم پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے نام سے نئی برینڈ متعارف کرا رہے ہیں جو اپنی نوعیت کا تاریخی پروگرام ثابت ہو گا۔ آرٹ کے ذریعہ پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان نہ کہ صرف روابط مضبوط ہوں گے بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ بھی سامنے آئے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اداکار ساجد حسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اس ملک میں ساری زندگی ایمرجنسی رہی ہے۔ پاکستان کے جو حالات ہیں جس میں دہشت گردی شامل ہے اس روش کو ختم کرنے میں پاکستان تھیٹر فیسٹیول سے امن کا پیغام دنیا بھر میں پھیلے گا پاکستان کے حالات کے باوجود تھیٹر فیسٹیول کو کامیاب بنانا بڑی کامیابی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں اس ٹیم کا حصہ ہوں۔‘
ساجد حسن نے کہا کہ ’ہم ادب سے ہی آگے بڑھیں گے، پاکستان بہت روشن خیال ملک ہے، یہ تھیٹر ان تمام چیزوں کو فروغ دیتا ہے، بین الاقوامی تعاون ایک اہم چیز ہے۔‘
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تحت ’پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023‘ کا افتتاح آٹھ ستمبر بروز جمعہ کو کیا جائے گا۔ پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں پاکستان بھر سے مختلف تھیٹر گروپس جبکہ سات بین الاقوامی تھیٹر گروپس حصہ لیں گے جس میں امریکہ، ایران، ترکی، جرمنی، سری لنکا وغیرہ شامل ہیں۔
30 روزہ تھیٹر فیسٹیول میں 45 شوز جبکہ مختلف ورکشاپ اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے۔ فیسٹیول میں اردو، بین القوامی زبانوں سمیت سندھی پنجابی زبانوں میں تھیٹر پیش کیے جائیں گے۔