الیکشن کمیشن پاکستان نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی حتمی تاریخ 30 نومبر، 2023 مقرر کی گئی ہے اور اسی تاریخ کو سامنے رکھتے ہوئے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیاسی جماعتوں کی مشاورت و فیڈ بیک اور حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے حلقہ بندی کے دورانیے کو مزید کم کر دیا ہے۔‘
’اب حلقہ بندی کی حتمی اشاعت 30 نومبر، 2023 کو ہو گی۔ حلقہ بندی کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جتنا جلدی ممکن ہو سکے الیکشن کا انعقاد ہے۔ اس تاریخ کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کا شیڈول بھی اعلان کر دیا جائے گا۔‘
الیکشن کمیشن نے 17 اگست کو جاری ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ ملک میں انتخابات ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے جن کا حتمی اعلان رواں سال 14 دسمبر میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم متعدد سیاسی جماعتوں کی طرف سے یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن جتنا جلد ممکن ہو حلقہ بندیوں کے کام کو مکمل کر کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرے۔
الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور رواں ہفتے ہی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے وفود سےعلیحدہ علیحدہ مشاورتی اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ممکن ہے کہ آئندہ چند روز میں انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا جائے۔
گذشتہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کو رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے لیکن سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نو اگست کو اسمبلی تحلیل کر تھی۔
آئین کے مطابق اگر اسمبلی کو مدت مکمل ہونے سے پہلے تحلیل کر دیا جائے تو انتخابات کا انعقاد 90 دن میں ہونا چاہیے۔ لیکن کیوں کہ اسمبلی تحلیل سے کچھ روز قبل ہی مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد نئی حلقہ بندیاں ضروری تھیں۔