نگران وفاقی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں اغوا ہونے والے چھ فٹ بالرز کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان میں نگران وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ’بد امنی پھیلانے والوں کی گردنیں قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔‘
ان کے مطابق ’ گذشتہ روز ہی تمام سکیورٹی اداروں کو مغویوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کے احکامات جاری کر دیے تھے۔ مغوی ہمارے بچے ہیں ان کی بازیابی تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔‘
گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی انتظامیہ نے کہا تھا کہ ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے چھ کھلاڑیوں کو سبی جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا جن کی بازیابی کے لیے انتظامیہ نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ان کھلاڑیوں میں عامر ولد ذاکرحسین، فیصل ولد حنیف، سہیل احمد ولد عمر بخش، یاسر ولد امیر بخش، شیراز ولد داد محمد اور بابر ولد ڈوٹا شامل ہیں۔
اس سے ایک اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے ڈیرہ بگٹی کے چھ فٹ بالرز کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ان کھلاڑیوں کو بازیاب کروانے کی ہدایت کی تھی۔
جبکہ نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سے کھلاڑیوں کے اغوا کا نوٹس لے کر حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی۔
انہوں نے حکام کو کھلاڑیوں کی باحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام پہلو سے جائزہ لے کر اقدامات لیں اور کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
دوسری جانب نگران وزیر کھیل نوابزادہ جمال رئیسانی نے بھی ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانی بیڑی سے فٹ بال کے کھلاڑیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا ہے۔
انہوں نے اس حوالے سےڈپٹی کمشنرڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد سے رابطہ کر کے تفصیلات معلوم کیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے جمال رئیسانی کو بتایا کہ ’کھلاڑی سی ایم گولڈ کپ کوالیفائر کھیلنے سبی جا رہے تھے۔ ریاستی ادارے صبح سے کوششوں میں مصروف ہیں۔ مغویوں کو جلد باحفاظت بازیاب کرا لیا جائے گا۔‘
اسی حوالے سے ڈیرہ بگٹی لیویز کے نائب رسالدار ناصر نے بتایا کہ ’انتظامیہ بازیابی کے لیے کوشش کر رہی ہے، ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔‘
ناصر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے یہ چھ کھلاڑی سبی ایک ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جا رہے تھے۔ ان کو صبح دس بجے کے قریب اغوا کیا گیا۔‘