علی مردان ڈومکی بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ نامزد

گورنربلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے علی مردان ڈومکی کو نگران وزیراعلیٰ بنانے کی منظوری پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے بھیجی جانے والی سفارش پر دی۔

علی مردان ڈومکی 15 اگست 2023 کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کے موقعے  پر (ریڈیو پاکستان/ ویڈیو سکرین گریب)

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے جمعے کو علی مردان ڈومکی کو نگران وزیراعلیٰ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

گورنربلوچستان نے یہ منظوری پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے بھیجی جانے والی سفارش پر دی، جو جلد ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

بلوچستان میں حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن رہنما ملک سکندر ایڈووکیٹ کے درمیان ملاقاتوں میں نگران وزیراعلیٰ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا، جس پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔

پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپوزیشن رہنما ملک سکندر نے حاجی نواز یونس زہری اور واحد صدیقی کو پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے طور پر نامزد کیا جبکہ  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے سلسلے میں پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کے لیے سردار عبدالرحمان کھیتران اور زمرک خان اچکزئی کا نام دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز طلب کیا گیا تھا، تاہم ارکان کی تعداد مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی فیصلہ سامنے نہ آسکا۔

آج 18 اگست کو گورنر بلوچستان کو سپیکر بلوچستان اسمبلی کی طرف سے ایک سمری ارسال کی گئی، جس میں علی مردان ڈومکی کا نام تجویز کیا گیا تھا، جس کی منظوری دے دی گئی۔

پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی طرف سے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے عثمان بادینی اور علی مردان ڈومکی کے نام تجویز کیے گئے تھے۔

علی مردان ڈومکی کون ہیں؟

میر علی مردان خان کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں۔ 

ان کے والد حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے، انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی، اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی رہ چکے ہیں۔

علی مردان کے بھائی دوستین ڈومکی رکن اسمبلی اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں، وہ نواب اکبر خان بگٹی کے نواسے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست