شاہد آفریدی کا بیٹی کی رخصتی پر منظوم الوداعی پیغام

اپنی بیٹی کی شادی کے موقعے پر شاہد آفریدی نے کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات چند اشعار کے ذریعے لوگوں تک پہنچائے۔

بولر شاہین شاہ آفریدی کی شادی پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی بیٹی سے منگل کی شب کو ہوئی (شاہد آفریدی ٹوئٹر/ایکس اکاونٹ)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی شادی پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے ہوگئی، جس کی تقریب گذشتہ رات (منگل) منعقد ہوئی۔

اپنی بیٹی کی شادی کے موقعے پر شاہد آفریدی نے کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات چند اشعار کے ذریعے لوگوں تک پہنچائے۔ اس پیغام نے صارفین کو جہاں خوش کیا وہیں جذباتی بھی کیا اور انہوں نے اس نئے جوڑے کو ڈھیر ساری دعائیں بھی دیں۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا:

’آیا تھا گھر میں نور ابھی کل کی بات ہے

رخصت بھی ہو رہا ہے وہ آنکھوں کے سامنے

ڈوبا ہوا بھی ہے ترے بابا کا دل مگر

 امید صبح نو اسے آئی ہے تھامنے۔‘

تقریب میں کپتان بابر اعظم کی انٹری بھی ہوئی، جن کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

ان ویڈیوز میں وہ اپنی گاڑی سے اترتے اور پھر پرجوش طریقے سے شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی سے ملتے اور پھر شادی کا کھانا بھی انجوائے کرتے نظر آئے۔

بابر اعظم نے اس کے بعد اپنی اور شاہین شاہ کی تصویر بھی پوسٹ کی جس میں انہیں اس نئے سفر کی مبارکباد دی۔

جبکہ شادی کی تقریب میں سابق کپتان مصباح الحق کے علاوہ مشہور بیٹر سعید انورکو بھی سٹیج پر بیٹھے دیکھا گیا۔

ٹی وی کے نامور اداکار، میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے بھی انسٹا پوسٹ پر شاہین شاہ کی تصویر شیئر کر کے انہیں مبارکباد دی۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی خوشی کے اس موقع پر شاہد آفریدی کو مبارکبار پیش کی جبکہ شاہین آفریدی کو ان کی زندگی کی دوسری اننگز کے آغاز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کا رواں سال تین فروری کو نکاح ہوا تھا، جس میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ افراد نے شرکت کی تھی جبکہ اسی سال حارث رؤف، شاداب خان، شان مسعود بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ