کم کارڈشین کو اپنے انڈر گارمنٹ برانڈ کا نام تبدیل کرنا پڑ گیا

رواں سال جون میں ریئلٹی ٹیلی ویژن سٹار نے اپنے نئے شیپ ویئر برانڈ کو ’کیمونو انٹیمیٹس‘ کے نام سے لانچ کیا تھا لیکن اس پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شیپ ویئر لائن XXS سے XL5 تک کے سائز میں دستیاب ہوں گے جس کا مطلب ہے کہ یہ ’ہر جسم کے لیے ہے‘ (اے ایف پی فائل)

 

معروف امریکی میڈیا سلیبرٹی کم کارڈشین ویسٹ نے اپنی شیپ ویئر لائن (جسمانی خدوخال کو نمایاں کرنے والا لباس) کے نام پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد اپنے برانڈ کے نئے نام کا اعلان کیا ہے۔ 

رواں سال جون میں ریئلٹی ٹیلی ویژن سٹار نے اپنے نئے شیپ ویئر برانڈ کو ’کیمونو انٹیمیٹس‘ کے نام سے لانچ کیا تھا۔

کم کارڈشین ویسٹ کو ایک ایسی اصطلاح اپنانے پر فوری طور پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جو روایتی جاپانی لباس کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

ایک نقاد نے ٹویٹ کیا: ’براہ کرم جاپانی ثقافت کا احترام کیجیے۔ لفظ ’کیمونو‘ کوئی ایسی چیز نہیں ہونی چاہیے جس سے کوئی بھی کمپنی اس نام کا فائدہ اٹھا کر منافع کمانا شروع کر دے۔ یہ ثقافتی قبضہ ہے۔‘

اس لباس کی لانچنگ کے دو ماہ بعد  برانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس پروڈکٹ کا نام تبدیل کر کے ’سکیمز سلوشن ویئر‘ رکھا جا رہا ہے۔

38 سالہ کم نے سوموار کو ٹویٹ کیا: ’میرے مداحوں اور فالوورز سے مجھے آگے بڑھنے کی تحریک ملتی ہے۔ میں ان کے تاثرات اور آرا کو ہمیشہ اہمیت دیتی ہوں اور میں بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نئے برانڈ کے نام کے لیے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔‘

انہوں نے مزید لکھا: ’بہت زیادہ غور و فکر اور سوچ بچار کے بعد میں ’سکیمز سلوشن ویئر‘ کے نام کا اعلان کرنے پرجوش ہوں۔‘

ویسٹ نے وضاحت کی کہ نئے نام کا نظریہ ان پوشاکوں سے لیا گیا ہے جو حیرت انگیز طور پر نرم اور آرام دہ کپڑے سے بنائی جاتی ہیں اور جو ہمارے جسم کے بہترین حصوں کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شیپ ویئر لائن XXS سے XL5 تک کے سائز میں دستیاب ہوں گے جس کا مطلب ہے کہ یہ ’ہر جسم کے لیے ہے۔‘

یہ پروڈکٹ منگل 10 ستمبر سے خریداری کے لیے دستیاب ہوگی۔ صارفین skims.com پر ایڈوانس بُکنگ کروا کے ویٹنگ لسٹ میں شامل ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس فیصلے کے بعد کئی لوگوں نے برانڈ کے نئے نام پر کم کارڈشین ویسٹ کی تعریف بھی کی ہے۔

ایک شخص نے ٹویٹ کیا، ’سکیمز دراصل نہایت اچھا نام ہے!‘

ایک اور صارف نے کہا: ’میں نام کی تبدیلی کا بڑا حامی ہوں۔ اچھی چال۔‘

ویسٹ نے ’کیمونو شیپ ویئر‘ کے نام پر ہونے والی تنقید کے بعد جولائی میں ’وال سٹریٹ جرنل‘ کو بتایا تھا کہ جاپانی لباس پر اپنے برانڈ کا نام رکھنا ایک ’معصومانہ‘ فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا: ’آپ کو لگتا ہے کہ ہم نے اتنی گہرائی میں جا کر اس نام کے بارے میں سوچا ہوگا؟ میں وہ پہلی شخص تھی جس نے کہا تھا یہ نام ٹھیک ہے، یقیناً، ہم نے اس پر ہونے والے ردعمل کے حوالے سے نہیں سوچا تھا۔‘

ان نے بقول: ’ظاہر ہے کہ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ لیکن ہمیں سننا چاہیے اور میں واقعتاً سننا چاہتی ہوں اور میں یقیناً اس میں شامل ہونا چاہتی ہوں۔‘

 

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل