امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان نے ہیوسٹن میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں خان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے تشدد کا بہیمانہ اور خوفناک فعل قرار دیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے شمالی علاقے کونرو میں 28 اکتوبر کو پاکستانی نژاد خاتون ڈاکٹر کو ایک حملہ آور نے چاقو کے پہ در پہ وار کرکے اس وقت قتل کر دیا تھا، جب وہ اپنے اپارٹمنٹ کے باہر ایک پکنک ٹیبل پر بیٹھی تھیں۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے منگل کو ایک بیان میں ڈاکٹر طلعت جہاں خان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر طلعت خان 90 کی دہائی کے آخر میں کراچی سے امریکہ منتقل ہوئی تھیں اور وہ بچوں کے امراض کی ماہر ڈاکٹر کے طور طویل عرصے سے امریکہ میں خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔
امریکہ میں انسانی حقوق کی ایک بڑی مسلم تنظیم ’کیئر‘ نے ایک بیان میں کہا کہ تنظیم کا ٹیکساس میں دفتر کونرو میں مسلمان خاتون کے قتل پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہے۔
Our Texas chapter is in conversation with law enforcement on murder of a Muslim woman in Conroe. We pray that Allah grants her paradise and grants solace to her loved ones. pic.twitter.com/tJhZTPM7fs
— CAIR National (@CAIRNational) October 30, 2023
پاکستانی سفیر نے بیان میں کہا کہ اطلاعات کے مطابق ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
سفیر نے کہا کہ ’واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ جنرل سوگوار خاندان اور متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔‘
پاکستانی سفیر مسعود خان نے اس واقعے کو ’خوفناک‘ اور تشدد کا ایک بہیمانہ فعل قرار دیا اور کہا: ’ڈاکٹر طلعت جہاں خان ہیلتھ کیئر پروفیشنل اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ہر دل عزیز رکن تھیں۔‘
سفیر مسعود خان نے کہا کہ انہوں نے امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم ’اپنا‘ کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان سے بات کر کے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کی تحقیقات جلد مکمل کر کے انصاف کے تقاضے پورے کریں گے۔
سفیر نے سوگوار خاندان کے نام اپنے ذاتی پیغامات میں مرحوم کی آخری رسومات میں پاکستانی سفارت خانے اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔