کراچی: بحری مشق امن-25 میں سعودی عرب سمیت 60 ممالک کی شرکت

پاکستان بحریہ کی میزبانی میں امن 2025 کی بین الاقوامی بحری مشقیں 11 فروری تک جاری رہیں گے۔

پاکستانی بحریہ کی میزبانی میں بحری مشقیں امن 2025 اور امن ڈائیلاگ کا آغاز جمعے کو کراچی میں ہوا، جس میں سعودی عرب، برطانیہ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش سمیت 60 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔

امن ڈائیلاگ اور بین الاقوامی بحری مشقیں 11 فروری تک جاری رہیں گے۔

کراچی میں پی این ڈاکیارڈ پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں شریک تمام 60 ممالک کے پرچم فضا میں بلند کیے گئے۔

مہمانِ خصوصی کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے تقریب سے خطاب میں امن مشق میں شرکت کرنے والے ممالک کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں کا مقصد علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے مزید کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ سمندروں میں دہشت گردی، بحری قزاقی اور منشیات کی سمگلنگ جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امن مشق دنیا بھر کے ممالک کو خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تقریب میں مختلف ممالک کے بحری افواج کے سربراہان، کوسٹ گارڈز کے سربراہان اور دنیا بھر کے سینیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں سعودی فوجی اتاشی بریگیڈیئر (سٹاف) بندر حمد ایس الحکوبانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ ’امن مشق ایک کلیدی کثیر ملکی کوشش ہے، جو بحری تعاون کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔‘ 

ان کا مزید کہنا تھا: ’سعودی بحریہ ان مشقوں میں شرکت پر فخر محسوس کرتی ہے، جس سے ہمارے بحری سلامتی کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ ہم اس کے مقاصد کے حصول اور تمام شرکا کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کے منتظر ہیں۔‘

پاکستان 2007 سے شمالی بحیرہ عرب میں امن کے نام سے ہر دو سال بعد بحری مشقوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

امن 2007 میں 28 اور 2023 میں 50 ممالک نے شرکت کی تھی، جب کہ اس مرتبہ یہ تعداد بڑھ کر 60 ہو گئی ہے۔ امن 2025 میں شریک ہونے والے ممالک کی تعداد کے لحاظ سے یہ اب تک کی سب سے بڑی بحری مشق ہے۔

امن مشقیں عالمی سطح پر لاحق بحری خطرات بشمول پانیوں میں قزاقی، دہشت گردی، منشیات اور اسلحے کی سمگلنگ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور قیام امن کے لیے منعقد کی جاتی ہیں۔

امن 2025 کے دوران منعقد ہونے والے امن ڈائیلاگ میں شرکت کرنے والے ممالک کے بحری افواج اور کوسٹ گارڈز کے سربراہان سمندری مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ 

امن ڈائیلاگ کے اجلاس میں دنیا بھر سے تقریباً 120 وفود شرکت کر رہے ہیں۔

امن 2025 کے پہلے مرحلے میں سات سے نو فروری تک امن ڈائیلاگ، سیمینارز، مباحثے، آپریشنل مظاہرے، بین الاقوامی ثقافتی اجتماعات اور کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔

10 اور 11 فروری کو دوسرے مرحلے میں انسداد بحری قزاقی اور دہشت گردی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، لائیو فائرنگ اور بین الاقوامی فلیٹ ریویو جیسی مشقیں شامل ہوں گی۔

بحری مشقوں کے دوران مختلف ممالک کی بحری افواج کے جہاز، ایئر کرافٹس، سپیشل آپریشن فورسز، دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی ٹیمیں اور مبصرین بھی شریک ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا