چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ’نیشنل پریئر بریک فاسٹ‘ میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔
اس تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خطاب کیا اور امریکہ میں مسیحیت مخالف تعصب کے خاتمے کے لیے ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کیا۔
بلاول بھٹو نے تقریب کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی تصاویر اور ویدیوز شیئر کیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ‘ میں شرکت کر کے خوشی ہوئی۔ صدور کی افتتاحی تقریر اور آج رات تقریب کے اختتام پر میری اپنی تقریر کا مشاہدہ کرنے کا اعزاز ملا۔ بین المذاہب ہم آہنگی میری والدہ کے لیے بہت معنی رکھتی ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ پریئر بریک فاسٹ میں اس روایت کو جاری رکھ رہا ہوں۔‘
تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے مذہب کی بنیادوں پر انسانوں کی تقسیم کرنے کی کوششوں کی مذمت کی۔
اپنی تقریر میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے عوامی رابطے مضبوط کیے جانا چاہیے۔
نیشنل پرئیر بریک فاسٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے تقریب میں شرکت کی اور یہاں دنیا بھر سے لوگ شریک تھے۔
’یہ ایک بہت اچھا موقع تھا۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’اختتامی تقریب سے میں نے خطاب کیا ہے اور میرا یہ کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے عوامی رابطے مضبوط کیے جانا چاہیے اور مذہب کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پریئر بریک فاسٹ بین المذاہب ہم آہنگی کا ایک بہت اچھا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اراکین امریکی کانگریس سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ ’اب میں وزیر خارجہ نہیں رہا۔ تمام ملاقاتیں ذاتی حیثیت میں کیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بلاول بھٹو پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بعد پہلے پاکستانی رہنما ہیں، جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے صدارتی دور کے دوران واشنگٹن میں اراکین امریکی کانگریس اور دوسری اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر واشنگٹن گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف تقریب میں شرکت کی۔
نیشنل پریئر بریک فاسٹ
نیشنل پریئر بریک فاسٹ ایک سالانہ تقریب ہے، جو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں عام طور پر فروری کی پہلی جمعرات کو منعقد ہوتی ہے۔ اس کے بانی ابراہیم ویرائیڈ تھے۔
یہ تقریب، جو ملاقاتوں، دوپہر کے کھانوں اور عشائیوں کا ایک سلسلہ ہے، 1953 سے منعقد کی جا رہی ہے اور کم از کم 1980 کی دہائی سے کنیٹی کٹ ایونیو پر واشنگٹن ہلٹن میں منعقد ہو رہی ہے۔
ہلٹن کے بین الاقوامی بال روم میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ہر سال تقریباً ساڑھے تین ہزار مہمان شرکت کرتے ہیں، جن میں 100 سے زیادہ ممالک کے بین الاقوامی شخصیات بھی شامل ہوتی ہیں۔
2023 تک اس کی میزبانی امریکی کانگریس کے اراکین کرتے تھے، جو اس کا انتظام عیسائی تنظیم فیلوشپ فاؤنڈیشن کے ذریعے کرتے تھے۔
نیشنل پریئر بریک فاسٹ 2023 میں فیلوشپ فاؤنڈیشن سے الگ ہو گیا تھا۔