پاکستانی فلم ’وکھری‘ کا ورلڈ پریمئیر رواں ماہ سعودی عرب کے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں منعقد کیا جارہا ہے۔
سعودی عرب کے ریڈ سی فلم فیسٹیول نے قلیل مدت میں ہی دنیا بھر میں اپنا اہم مقام بنا لیا ہے جس کا تیسرا ایڈیشن 30 نومبر سے نو دسمبر 2023 کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہونے والا ہے۔ اس فلم فیسٹیول میں پاکستان سے ایک فیچر فلم ’وکھری‘ بھی منتخب ہوئی ہے جس کا وہاں ورلڈ پریمیئر کیا جائے گا۔
وکھری کسی حد تک مقتولہ سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے لیکن پروڈیسرز کے مطابق یہ ایک مکمل فکشن ہی ہے۔ فلم میں وکھری کا کردار اداکارہ فریال محمود ادا کر رہی ہیں۔
وکھری کے ریڈ سی فلم فیسٹیول کی جانب سے سرکاری اعلان کے بعد اس انٹرویو کو نشر کرنے کی شرط پر انٹرویو کے لیے راضی ہونے والے پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان کی فلمی صنعت اور خود ان کے لیے ’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ نہایت اہم ہے، کیونکہ وہ اس فلم ’وکھری‘ پر اس کی مصنفہ اور ہدایت کارہ ارم پروین بلال کے ساتھ 2017 سے کام کر رہے تھے۔
وکھری کے پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ کا کہنا تھا کہ ’ریڈ سی فلم فیسٹیول اگرچہ نیا ہے، لیکن یہ ہمارے اپنے علاقے کا ہے اور وہ بھی اس فیسٹیول کو بڑا بنانا چاہتے ہیں، جیسا کہ سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے کئی مرتبہ کہا کہ وہ مشرق وسطٰی کو یورپ دیکھنا چاہتے ہیں، اسی لیے ہماری فلموں کو تو وہاں پر ورلڈ پریمیئر کرنا چاہیے۔‘
فلم وکھری کے پروڈیوسر عابد مرچنٹ نے قندیل بلوچ کی زندگی پر مبنی ہونے کے بارے میں وضاحت کی کہ ’یہ قندیل بلوچ اور اس جیسے تمام انسان جو اس معاشرے میں جُڑ نہیں سکتے، ان پر ہے اور یہ ایک مکمل فکشن فلم ہے لیکن اس میں ایک طرح سے قندیل بلوچ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے مگر یہ ان کی بائیو گرافی نہیں ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عابد کا کہنا ہے کہ اس فلم کو وہ چھ سال سے بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
’یہ آج کے زمانے کی کہانی ہے، مشکل سے اس سال اگست میں اس کی تیاری مکمل ہوئی تھی، یہ کہانی سنانی بہت ضروری تھی۔‘
اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر ان کا کہنا تھا کہ ’آئندہ برس کے آغاز میں ارادہ ہے کیوں کہ پاکستان میں تین سینسر بورڈز ہیں اور اب تک سندھ سے تو یہ فلم پاس ہوگئی گئی ہے اب دیگر سینسر بورڈز کا انتظار ہے، کیوں کہ خواہش ہے کہ پورے ملک میں ایک ساتھ ہی نمائش کے لیے پیش کی جاسکے۔‘
وکھری کے پروڈیوسر نے بتایا کہ سندھ سینسر بورڈ نے فلم پر کچھ قینچی چلائی ہے لیکن انہوں نے اسے چیلنج نہیں کیا اور جیسا کہا گیا، فلم کی اس حساب ہی سے تدوین کرلی گئی۔
ان کے مطابق: ’وکھری کا کردار فریال محمود سے بہتر کوئی کر ہی نہیں سکتا تھا، ابھی پاکستان میں فریال محمود کی مکمل صلاحیتوں کا اندازہ نہیں لگایا گیا۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم وکھری ریڈ سی فلم فیسٹیول میں ایوارڈ لے کر آئی گی جس میں ناقدین اور عوامی رائے دونوں طرح کے ایوارڈ ہیں۔