نومبر میں آنے والی پانچ بالی وڈ فلمیں جن کا آپ کو انتظار ہے 

نومبر کی سرد شاموں کا ایک بہترین استعمال فلم دیکھنا ہے۔ ہم یہاں آپ کو پانچ ایسی فلمیں بتا رہے ہیں جو آپ کی ان شاموں کو اچھا بنا سکتی ہیں۔

زویا اور ٹائیگر کی محبت بالی وڈ پرستاروں کے لیے اس لیے دلچسپی کا موضوع ہے (یش راج فلمز)

نومبر کی سرد شاموں کا ایک بہترین استعمال فلم دیکھنا ہے۔ یہ دیوالی کا مہینہ ہے اور ایک کے بعد ایک بالی وڈ فلم ریلیز کے لیے تیار ہے۔

سلمان خان کی ’ٹائیگر تھری‘ سے لے کر کنگنا رناوت کی ’ایمرجنسی‘ تک ایک درجن سے زائد فلمیں رواں ماہ سینیما گھروں کی زینت بنیں گی۔

اگرچہ شیام بینیگل کی ’مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن‘ اور ودو ونود چوپڑا کی 12 فیل آج کل خوب چرچا میں ہیں لیکن ممکنہ طور پر تین دن بعد ریلیز ہونے والی ٹائیگر تھری تمام بحث کا رخ اپنی جانب موڑ لے گی۔

تو ایسے میں رواں ماہ ریلیز ہونے والی پانچ بہترین بالی وڈ موویز کا ذکر اسی سے کیوں نہ شروع کیا جائے؟ 

ٹائیگر تھری

ریلیز کی تاریخ: 12 نومبر

سلمان خان کی گذشتہ فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ عید کے موقعے پر سینیما گھروں کی زینت بنی اور باکس آفس کو جھنجھوڑے بغیر خاموشی سے اتر گئی۔

اس بار انہوں نے عید کی بجائے دیوالی کے دن کا انتخاب کیا۔ فلم کی پیشگی بکنگ جاری ہے اور ممکنہ طور پر یہ رواں برس کی کامیاب ترین بالی وڈ فلموں میں سے ایک ہو گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس فلم سے سلو بھائی کے ہچکولے کھاتے کیریئر کے سنبھلنے کا بھی خدشہ ہے، خدا خیر کرے۔ 

یہ ٹائیگر سیریز کی تیسری کڑی ہے، جس میں ٹائیگر نامی جاسوس اپنے خاندان اور ملک کو دشمن قوتوں کے حملے سے بچاتا ہے۔

سسپینس تھرلر کے ساتھ ساتھ فلم میں محبت کا تڑکہ بھی لگایا گیا ہے جہاں ٹائیگر اور زویا کی پریم کہانی آگے بڑھتی ہے۔ 

زویا اور ٹائیگر کی محبت بالی وڈ پرستاروں کے لیے اس لیے دلچسپی کا موضوع ہے کہ سلمان اور کترینہ ایک بار پھر پردے پر آمنے سامنے ہوں گے۔ 

فلم کی ایک خاص بات ’عاشق بنایا‘ جیسے گانوں کی عکس بندی سے شہرت پانے والے عمران ہاشمی کی بطور سپر ولن انٹری ہے۔ منفی روپ میں شائقین انہیں پسند کریں نہ کریں وہ خود کو بہت پسند کر رہے ہیں۔

چند روز قبل اس حوالے سے عمران کا کہنا تھا کہ ’فلم میں وہ ایک ایسے بااثر اور طاقت ور پاکستانی ولن بنے ہیں جن کا متعدد ممالک کے اعلیٰ سرکاری افسران سے رابطہ اور ان پر اثر و رسوخ ہے۔ اس کا واحد مقصد انڈین ایجنٹ ٹائیگر کو راستے سے ہٹانا ہوتا ہے۔‘

سلمان خان کی ٹائیگر تھری رواں برس تب موضوع بحث بنی جب فلم میں شاہ رخ خان کے مختصر کیمیو کے لیے 35 کروڑ روپے کا سیٹ لگانے کی خبریں آئیں۔

جی ہاں دونوں خانوں پر مشتمل ایک ایکشن سین کے لیے اتنی بڑی رقم کوئی افسانہ نہیں بلکہ حقیقت ہے جس کی پروڈکشن ہاؤس نے خود تصدیق کی۔ 

خیال رہے اس سے پہلے سلمان شاہ رخ کی فلم پٹھان میں مختصر انٹری دے چکے ہیں، جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔ لگتا ہے اب شاہ رخ سلمان بھائی کا حساب چکانے جو ٹائیگر تھری میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ 

ایمرجنسی

ریلیز کی تاریخ: 24 نومبر 

کنگنا ہوں اور کسی آڑھے ترچھے راستے پر نہ چلیں یہ کیسے ممکن ہے۔ انہوں نے وہی کیا جس کے لیے وہ جانی جاتی ہیں یعنی ایک اور متنازع موضوع پر ہاتھ ڈالا جس کے نام سے ہی بات واضح ہو جاتی ہے۔

یہ فلم 1975 میں انڈیا کے اندر نافذ ہونے والی ایمرجنسی اور اس کے ارد گرد گھومتے واقعات کو کمیرے کی آنکھ سے دکھانے کی کوشش ہے۔

فلم میں اندرا گاندھی کا کردار کنگنا نے خود کیا ہے جو فلم کی پروڈکشن اور ہدایت کاری کے محاذ بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔

بالعموم ایسے موضوع پر بننے والی فلم بڑے پیمانے پر موضوع بحث بنتی ہے جسے پسند اور ناپسند کرنے والے شدید نظریات رکھتے ہیں۔

ابھی تک کنگنا نے خود اس فلم اور اس کے موضوع پر زیادہ بات نہیں کی، شاید وہ سسپینس پیدا کرنا چاہتی ہیں۔

ممکنہ طور پر فلم 24 نومبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کے بعد واضح ہو گا کنگنا نے لوگوں کو کیا دیا اور بدلے میں لوگوں کا ردعمل کیسا رہا۔ 

پیپا

ریلیز کی تاریخ: 10 نومبر

اس وار مووی کی کہانی The Burning Chaffees  کے نام سے شائع ہونے والی کتاب پر مبنی ہے جس کے مصنف کیپٹن بلرام سنگھ مہتا ہیں۔

دراصل کیپٹن مہتا 1971 کی پاک انڈیا جنگ میں شریک رہے اور یہ غریب پور نامی ایک قصبے میں لڑے گئے معرکے کی روداد ہے۔ 

اس فلم کے ہدایت کار کرشنا مینن ہیں اور ستاروں میں بڑے ناموں کی بجائے غیر معروف اداکاروں پر انحصار کیا گیا۔ فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی موسیقی اے آر رحمان ترتیب دے رہے ہیں۔

اگر آپ اس فلم کو سینیما ہال میں دیکھنے کے لیے تیار ہیں تو ارادہ ترک کر دیں کیونکہ یہ صرف امیزون پرائم پر ریلیز ہو گی۔

کھچڑی ٹو

ریلیز کی تاریخ : 17 نومبر

2002 میں کھچڑی کے نام سے ریلیز ہونے والی ایک مزاحیہ فلم ایسی کامیاب ہوئی کہ اب تک اس کی کہانی کو پھیلا کر چار فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔ کچھڑی ٹو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

یہ ایک گجراتی خاندان کی کہانی ہے جو ہر جگہ اپنی انوکھی حرکات و سکنات سے اپنے لیے مسائل کھڑے کر لیتا ہے۔ تاہم اس دوران ناظرین ہنستے ہنستے دہرے ہو جاتے ہیں۔

کھچڑی ٹو میں اس گجراتی خاندان کو ایک مشن سونپا گیا ہے کہ وہ دشمن ملک کی قید میں پھنسے ایک سائنس دان کو چھڑوا کر واپس اپنے ملک لے آئے۔ 

فرے

ریلیز کی تاریخ: 20 نومبر 

اگر آپ فرے کے لفظ سے پریشان ہو رہے ہیں تو فلم کا ٹریلر دیکھ لیجیے، معلوم ہو جائے گا اس کا مطلب وہی ہے جسے ہم دیسی زبان میں بُوٹی یا نقل کہتے ہیں۔ 

سکالرشپ پر ایک ایلیٹ سکول میں داخلہ لینے کے بعد ایک یتیم لڑکی چند امیر زادوں کو نقل کروانے کے وسیع جال کا حصہ بن جاتی ہے، ایک ایسی مشکل جو بعد میں اس کے حلق کا کانٹا ثابت ہوتی ہے۔

ایسا لگتا ہے یہ فلم ایلیٹ کلچر، بچوں میں پیسہ کمانے کی دوڑ اور تعلیم جیسے موضوعات کو عمدگی سے پیش کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس کا ٹریلیر بہت جاندار ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم