گوگل کی وارننگ: لاکھوں جی میل اکاؤنٹ ’ڈیلیٹ‘ ہونے والے ہیں

ای میلز، ڈاکیومنٹس، سپریڈشیٹس، کیلینڈر اپوائنٹمنٹس، تصاویر اور ویڈیوز کو مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

یہ پالیسی اس سال متعارف کروائی گئی تھی لیکن اس پر دسمبر 2023 سے عمل شروع کیا جائے گا (جی میل/ فیس بک)

ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے صارفین کو متنبہ کرنا شروع کر دیا ہے کہ وہ پلیٹ فارم میں بڑی اپ ڈیٹ کے طور پر اگلے ماہ لاکھوں جی میل اکاؤنٹس ختم (ڈیلیٹ) کر دے گا۔

ہٹانے کے اس عمل سے گوگل کے وہ تمام ذاتی اکاؤنٹس متاثر ہوں گے جو کم از کم دو سال سے غیر فعال ہیں۔ ای میلز، ڈاکیومنٹس، سپریڈشیٹس، کیلینڈر اپوائنٹمنٹس، تصاویر اور ویڈیوز کو مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں یہ پالیسی اس سال متعارف کروائی گئی تھی لیکن اس پر دسمبر 2023 سے عمل شروع کیا جائے گا۔

گوگل کے شعبہ پروڈکٹ مینیجمنٹ کی نائب صدر روتھ کریچیلی نے مئی میں ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’ہم گوگل اکاؤنٹس کے غیر فعال ہونے سے متعلق پالیسی کو اپنی تمام پروڈکٹس کے لیے دو سال کی مدت کے ساتھ اپ ڈیٹ کر رہے ہیں۔‘

’یہ اپ ڈیٹ ہماری پالیسی کو اکاؤنٹ برقرار رکھنے اور ڈیلیٹ کرنے سے متعلق صنعت کے معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرتی ہے اور گوگل کی جانب سے غیر استعمال شدہ ذاتی معلومات کو برقرار رکھنے کے وقت کو بھی محدود کرتی ہے۔‘

اس اقدام کا مقصد گوگل کے فعال صارفین کو دھوکے سے معلومات حاصل کیے جانے اور اکاؤنٹ ہائی جیکنگ جیسے سکیورٹی خطرات سے بچانا ہے۔

پرانے اکاؤنٹس جو کئی سال سے استعمال نہیں کیے گئے وہ خاص طور پر ہیکرز کے ہاتھوں خطرے کی زد میں ہوتے ہیں کیوں کہ ہیکر وہی پاس ورڈ استعمال کر سکتے ہیں جن پر سکیورٹی کی دیگر خلاف ورزیاں کرتے ہوئے سمجھوتہ کیا گیا ہو۔ یہ پاس ورڈ ڈارک ویب پر آسانی سے دستیاب ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ حذف کیے جانے کے خطرے سے دوچار کسی بھی اکاؤنٹ کو کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے ’متعدد نوٹیفکیشن‘ موصول ہوں گے۔

جن اکاؤنٹس کو نوٹیفکیشن بھیجے جائیں گے ان میں ریکوری ای میل ایڈریس بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹیکنالوجی کی دیوقامت کمپنی نے پہلے ہی متاثرہ افراد کو ای میلز بھیجنا شروع کر دیا ہے جن میں صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ ’اپنی نجی معلومات کی حفاظت کریں اور اپنے اکاؤنٹ تک کسی بھی غیر مجاز رسائی کو روکیں، چاہے آپ ہماری خدمات کو مزید استعمال نہ کر رہے ہوں۔‘

جی میل اکاؤنٹ تک رسائی کھونے کے نتیجے میں لوگوں کو ممکنہ طور پر دوسرے آن لائن پلیٹ فارمز اور خدمات استعمال کرنے سے بھی روکا جاسکتا ہے جو اس ای میل ایڈریس سے منسلک ہیں، چاہے ان پلیٹ فارمز کا تعلق گوگل کے ساتھ نہ ہو۔

اکاؤنٹ کو فعال رکھنے اور ڈیلیٹ ہونے سے بچنے کے لیے گوگل صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ای میل کھولیں یا بھیجیں، گوگل ڈرائیو استعمال کریں، گوگل پلے سٹور پر ایپ ڈاؤن لوڈ کریں یا اکاؤنٹ میں لاگ ان ہو کر گوگل سرچ ہی کر لیں۔

کوئی بھی اکاؤنٹ جس سے یوٹیوب پر ویڈیو پوسٹ کی گئی وہ بھی متاثر نہیں ہوگا، قطع نظر اس کے کہ وہ آخری بار کب فعال ہوا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی