قطر: سزائے موت پانے والے آٹھ سابق نیول افسران سے انڈین سفیر کی ملاقات

قطر نے اکتوبر میں انڈین بحریہ کے آٹھ سابق افسروں کو موت کی سزا سنائی تھی۔ اس موقعے پر انڈیا نے صدمے کا اظہار کیا اور تمام دستیاب قانونی ذرائع سے کام لینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چار دسمبر، 2022 کو ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا پر یوم بحریہ کی تقریبات کے دوران بحریہ کا ایک سی کنگ ہیلی کاپٹر (اندرنیل مکھرجی/ اے ایف پی)

انڈین وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ قطر میں انڈیا کے سفیر نے عرب ملک میں سزائے موت پانے والے انڈین نیوی کے آٹھ سابق افسروں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

یہ ملاقات تین دسمبر کو جیل میں ہوئی۔

انڈین وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ قطر کی ایک عدالت نے ابتدائی فیصلے کے خلاف انڈیا کی اپیل سے متعلق دو سماعتیں کیں۔ تیسری سماعت جلد ہو گی۔

انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو کہا: ’ہم اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام قانونی اور سفارتی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارے سفیر کو تین دسمبر کو جیل میں موجود تمام آٹھ افراد سے ملنے کے لیے قونصلر رسائی ملی۔‘

قطر نے اکتوبر میں انڈین بحریہ کے آٹھ سابق افسروں کو موت کی سزا سنائی تھی۔ اس موقعے پر انڈیا نے صدمے کا اظہار کیا اور تمام دستیاب قانونی ذرائع سے کام لینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ آٹھ افراد الظاهرة کنسلٹنگ کمپنی کے ملازم تھے جو آبدوزوں کے حصول کے حوالے سے قطری حکومت کو مشورہ دیتی ہے۔

قطر اور نہ ہی انڈیا نے ان تمام آٹھ لوگوں کے خلاف مخصوص الزامات کے بارے میں بتایا ہے لیکن ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق انڈین بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں کو قطر کے فوجی آبدوزوں کے پروگرام کی اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں گذشتہ سال گرفتار کیا گیا۔

اخبار فنانشل ٹائمز نے اس معاملے سے واقف نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان آٹھ افراد پر ’اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام‘ عائد کیا گیا ہے۔

قطر میں شاذونادر ہی سزائے موت پر عملدرآمد ہوتا ہے۔ خلیجی ریاست میں آخری مرتبہ سزائے موت 2020 میں دی گئی جب کہ اس سے قبل 2003 میں سزائے موت دی گئی تھی۔

گذشتہ ماہ انڈیا نے قطر کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

باگچی نے اس وقت کہا تھا کہ ’اس معاملے میں اپیل پہلے ہی دائر کی جا چکی ہے۔‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ افسروں کو نئی دہلی سے قونصلر مدد ملتی رہے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’فیصلہ خفیہ ہے اور اسے صرف قانونی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔ وہ اب مزید قانونی اقدامات کر رہے ہیں اور اپیل پہلے ہی دائر کی جا چکی ہے۔ ہم اس معاملے میں قطری حکام کے ساتھ بھی رابطے میں رہیں گے۔‘

انڈین نیوی کے سابق افسروں کی شناخت کیپٹن نوتیج سنگھ گِل، کیپٹن بیریندر کمار ورما، کیپٹن سوربھ وششت، کمانڈر امت ناگ پال، کمانڈر پورنندو تیواڑی، کمانڈر سگنکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا اور سیلر راجیش کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں گذشتہ سال قطر میں حراست میں لیا گیا۔

انڈین سفیر کی ملاقات سے دو روز قبل انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دبئی میں کوپ 28 سربراہ اجلاس کے دوران امیر قطر شیخ تميم بن حمد بن خليفہ آل ثانی سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ میں کہا کہ ’دبئی میں کوپ 28 سربراہ اجلاس کے موقع پر قطر کے امیر عزت مآب شیخ تميم بن حمد بن خليفہ آل ثانی سے ملاقات کا موقع ملا۔ ہم نے دوطرفہ شراکت داری کے امکانات اور قطر میں مقیم انڈین شہریوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں اچھی بات چیت کی۔‘

انڈین بحریہ کے سابق افسروں کے اہل خانہ نے بھی امیر قطر کو رحم کی درخواست بھیجی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا