ملکہ ڈنمارک مارگریتھ دوم کا مسند اقتدار چھوڑنے کا اعلان

وہ 52 سال سے ڈنمارک کے تخت پر براجمان ہیں اور یورپ میں سب سے طویل عرصے تک رہنے والی شاہی حکمران ہیں۔

ڈنمارک کی ملکہ مارگریتھ 31 دسمبر، 2023 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے (روئٹرز)

ڈنمارک کی ملکہ نے نئے سال کے موقع پر اپنی روایتی تقریر میں مسند اقتدار چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

ملکہ مارگریتھ دوم کا بیٹا شہزادہ فریڈرک، 1972 میں اپنے والد شاہ فریڈرک نہم کی وفات کے 52 سال بعد 14 جنوری کو جانشین بنے گا۔ 83 سالہ ملکہ، جو کتوں، تصویر کشی اور فیشن کے شوق کی وجہ سے مشہور ہیں، یورپ میں سب سے زیادہ عرصے تک رہنے والی شاہی حکمران ہیں۔

ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی اپنی تقریر میں انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے فروری میں اپنی کمر کی سرجری کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا: ’اس سرجری نے قدرتی طور پر مستقبل کے بارے میں سوچ کو جنم دیا کہ کیا یہ ذمہ داری اگلی نسل کو منتقل کرنے کا وقت آ گیا ہے؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب صحیح وقت ہے۔ 14 جنوری 2024 کو میں اپنے پیارے والد کی جانشینی کے 52 سال بعد ڈنمارک کی ملکہ کا عہدہ چھوڑ دوں گی۔‘

ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹ فریڈریکسن نے ملکہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی ’تاحیات لگن اور انتھک کوششوں‘ پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

1940 میں پیدا ہونے والی مارگریتھ کو اپنی پوری زندگی میں اپنے ملک کے لوگوں کی طرف سے بہت زیادہ حمایت حاصل رہی ہے۔ وہ اکثر کوپن ہیگن کی سڑکوں پر چلتیں اور ڈنمارک کے لوگ ان کے اخلاق اور ماہر لسانیات اور ڈیزائنر کی حیثیت سے ان کی صلاحیتوں کے باعث ان کی تعریفیں کرتے تھے۔

انہوں نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی، گرٹن کالج کیمبرج اور لندن سکول آف اکنامکس میں وقت گزارا۔

اور وہ تصویر کشی، ترجمہ، ملبوسات اور سیٹ ڈیزائن اور آثار قدیمہ کے شوق اور تمباکو نوشی چھوڑنے سے انکار کی وجہ سے مشہور ہیں۔

2007 میں ناروے کی ملکہ سونجا کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب میں تیز رنگ پھولوں والا رین کوٹ پہننے پر ان کی تعریف کی گئی تھی۔

ان کے شوہر شہزادہ ہنرک، جن سے انہوں نے 1967 میں شادی کی تھی، 2018 میں 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

جولائی 2022 میں انہوں نے ڈنمارک بھر میں منعقد ہونے والی متعدد تقریبات کے ساتھ اپنی گولڈن جوبلی منائی۔ ایک ماہ بعد وہ ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد یورپ میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی خاتون بن گئیں۔

رائل کمنٹیٹر ایلسٹر بروس نے اس اعلان پر اپنا رد عمل سکائی نیوز کو دیا۔ انہوں نے کہا: ’حال ہی میں وہ بہت ٹھیک نہیں تھیں۔ انہیں کمر درد کی شکایت تھی۔ ان کی کچھ سرجریاں ہوئیں۔

’اور میرے خیال میں اس بات کو تسلیم کیا گیا کہ جب سے ان کے شوہر شہزادہ ہنرک کا انتقال ہوا، ان کی توانائی کی سطح میں کمی آئی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ شاید یہ کچھ ایسا ہے جس کی وہ کچھ عرصے سے منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دفتر