تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ: نیولینڈز کی پچ ’غیر تسلی بخش‘ قرار

محض دو دن جاری رہنے والا کیپ ٹاؤن ٹیسٹ صرف 107 اوورز میں سمٹ گیا تھا اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا مختصر ترین میچ بن گیا۔

آئی سی سی کے ایک بیان میں میچ ریفری کرس براڈ نے کہا ہے کہ نیولینڈز کی پچ پر بیٹنگ کرنا بہت مشکل تھا (اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو کیپ ٹاؤن کی اس پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا ہے جس پر انڈیا نے گذشتہ ہفتے میزبان جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ کے ابتدائی پانچ سیشنز میں ہی شکست دے دی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو ڈی میرٹ کرنے کے فیصلے سے اس کو ایک منفی پوائنٹ کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

محض دو دن جاری رہنے والا کیپ ٹاؤن ٹیسٹ صرف 107 اوورز میں سمٹ گیا تھا اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا مختصر ترین میچ بن گیا۔

اس سے قبل مختصر ترین ٹیسٹ میچ کا ریکارڈ 1932 میں کھیلے گئے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ میں بنا تھا جب پورا کھیل 656 گیندوں (109.2 اوورز) میں ختم ہو گیا تھا۔

اپنا الوداعی میچ کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے کپتان ڈین ایلگر اور مہمان ٹیم کے کپتان روہت شرما نے پچ کے معیاری نہ ہونے پر تنقید کی تھی۔

آئی سی سی کے ایک بیان میں میچ ریفری کرس براڈ نے کہا ہے کہ نیولینڈز کی پچ پر بیٹنگ کرنا بہت مشکل تھا۔

کرس براڈ کا کہنا تھا کہ گیند پورے میچ میں تیزی سے اور بعض اوقات خطرناک طور پر اچھل رہی تھی جس سے بلے بازوں کے لیے شاٹس کھیلنا مشکل ہو رہا تھا۔

ان کے بقول: ’کئی بلے باز بال دستانوں پر لگنے سے آؤٹ ہوئے اور بہت سی وکٹیں غیر معمولی باؤنس کی وجہ سے گریں۔‘

جنوبی افریقہ نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میچ کی دلچسپ بات یہ تھی کہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے پورے میچ میں سپنرز کا استعمال نہیں کیا گیا۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کے پاس آئی سی سی کی اس پابندی کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 14 دن ہیں۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت ’غیر تسلی بخش‘ درجہ بندی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ملتا ہے۔

یہ منفی پوائنٹس پانچ سال کی مدت تک فعال رہتے ہیں۔

اگر اس مدت میں کسی گراؤنڈ کے چھ ڈی میرٹ پوائنٹس جمع ہو جائیں تو اسے 12 ماہ کے لیے کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے محروم کر دیا جاتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ