کیچ: عسکریت پسندوں سے مقابلہ، پانچ فوجی جان سے گئے

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ہفتے کو کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہلکار جان سے گئے۔

16 ستمبر، 2020 کی اس تصویر میں فرنٹیئر کور کے اہلکار بلوچستان میں پاکستان کے سرحدی قصبے قلعہ سیف اللہ میں بکتر بند گاڑی پر کھڑے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہفتے کو کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہلکار جان سے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق: ’دہشت گردوں نے ایک آئی ای ڈی کے ذریعے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا جس کے بعد شدید فائرنگ کی گئی۔‘

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی پریس ریلیز کے مطابق ’فوجی اہلکاروں نے فوری طور پر دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ کی جس سے تین دہشت گرد مارے گئے۔

’اس کارروائی کے دوران پانچ فوجی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔‘

جان سے جانے والے فوجی اہلکاروں میں سپاہی ٹیپو رزاق، سپاہی سنی شوکت، سپاہی شفیع اللہ، لانس نائیک طارق علی اور سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود مزید دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔‘

اس سے قبل بھی بلوچستان کے کئی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے پاکستانی فوج اور سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

29 ستمبر 2023 کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’سکیورٹی فورسز نے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔‘

اس واقعے میں ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے تین شدت پسند مارے گئے تھے جبکہ چار اہلکار بھی جان سے چلے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یکم جون 2023 کو ایران کی سرحد کے قریب عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا جس سے دو فوجی جان سے گئے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 13 مئی، 2023 کو بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں ایک کلیئرنس آپریشن میں چھ سکیورٹی اہلکار جان سے گئے تھے جبکہ چھ دہشت گرد مارے گئے تھے۔

یکم اپریل، 2023 کو پاکستانی فوج کے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ یرانی سرحد کے پار سرگرم دہشت گردوں کے ایک گروہ کی فائرنگ سے پاکستانی ضلع کیچ میں گشت کرنے والے چار سکیورٹی اہلکار جان سے چلے گئے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان