’مصالحہ چائے‘ کو دنیا کا دوسرا پسندیدہ ترین غیر الکوحل مشروب قرار دیا گیا ہے۔
دنیا بھر کے روایتی پکوانوں، مقامی اجزا اور مستند ریستورانوں کے انسائیکلوپیڈیا ’ٹیسٹ ایٹلس‘ (TasteAtlas) نے دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے غیر الکوحل مشروبات کی فہرست جاری کی ہے۔
اس فہرست میں میکسیکو کا مشروب آگواس فریسکاس پہلے نمبر پر رہا جو پھلوں، کھیرے، پھولوں، بیجوں اور اناج کو چینی اور پانی کے ساتھ ملا کر بنایا جاتا ہے۔
لیکن برصغیر میں بہت زیادہ پسند کی جانے والی مصالحہ چائے اس سے ذرا ہی پیچھے تھی اور ایسا لگتا ہے کہ ہم اب تک اس گرم چائے کے کپ سے محروم تھے۔
مصالحہ چائے ایک قدیم ہندوستانی مشروب ہے، جو خوشبودار مصالحوں، چینی اور دودھ کے ساتھ کالی چائے کے ساتھ بنائی جاتی ہے۔
لفظ ’چائے‘ چین میں بولی جانے والی مینڈارن زبان ’چا‘ سے نکلا ہے۔
پاکستان، افغانستان، قطر کے ساتھ ساتھ بہت سے دوسرے ممالک سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں چائے استعمال کی جاتی ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ انڈیا کی مصالحہ چائے ان سب سے اوپر ہے اور اب یہ دنیا کا دوسرا سب سے پسندیدہ مشروب بن گیا ہے۔
ایک انسٹاگرام پوسٹ میں یہ خبر شیئر کرتے ہوئے فوڈ گائیڈ نے لکھا: ’مصالحہ چائے ایک خوشبودار مشروب ہے، جس کی جڑیں قدیم ہندوستان سے ملتی ہیں۔ یہ میٹھی کالی چائے اور دودھ کے امتزاج کے ساتھ تیار کی جاتی ہے، جس میں الائچی، پسی ہوئی ادرک، لونگ، دار چینی اور کالی مرچ سمیت کئی مصالحے شامل کیے جاتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم ان مصالحوں کا انتخاب اور صحیح تناسب (مختلف علاقوں) میں اکثر مختلف ہوتا ہے۔ اگرچہ اس کے آغاز کے بارے میں بہت سے نظریات ہیں لیکن مصالحہ چائے کو زیادہ تر برطانیہ کی چائے کی تجارت سے وابستہ کیا جاتا ہے۔
پوسٹ میں مزید لکھا گیا: ’19ویں صدی میں چائے کی تجارت پر چینیوں کی اجارہ داری تھی اور انگریزوں نے ایسی دوسری منڈیوں کی تلاش کی جو کالی چائے کی زیادہ مانگ کو پورا کر سکے، جو اس وقت یورپ کا بھی پسندیدہ ترین مشروب تھا۔‘
ٹیسٹ ایٹلس نے کہا کہ انگریزوں نے اپنی ’تلاش‘ کو جاری رکھا جو انہیں جلد ہی ہندوستان لے آیا، جہاں انہوں نے چائے کے باغات لگانا شروع کردیے۔
یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مصالحہ چائے ’پہلی بار اس عرصے کے دوران متعارف ہوئی تھی لیکن 20 ویں صدی میں یہ اس وقت ایک مقبول آپشن بن گیا جب انڈین ٹی ایسوسی ایشن نے چائے کے وقفوں کو کارکنوں کے لیے انتہائی ضروری ریفریشمنٹ کے طور پر فروغ دیا اور جب چائے زیادہ سستی ہو گئی تھی۔‘
انڈیا میں مصالحہ چائے عام طور پر ’چائے والے‘ سٹالوں پر تیار اور فروخت کی جاتی ہے لیکن اس مشروب کی بے پناہ مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب اسے پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔
© The Independent