بل گیٹس، مارک زکر برگ ایشیا کے امیر ترین شخص کے بیٹے کی شادی میں شریک

انڈیا کے مکیش امبانی اپنے بیٹے کی تین روزہ پری ویڈنگ تقریب میں مہمانوں کی 65 باورچیوں کے تیار کردہ 2500 سے زیادہ پکوانوں سے تواضع کریں گے۔

ریلائنس کی جانب سے 28 فروری، 2024 کو جاری ہونے والی اس ہینڈ آؤٹ تصویر میں مکیش امبانی اور ان کے بیٹے اننت امبانی جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ کی ایک تقریب میں لوگوں کو کھانا کھلا رہے ہیں (ریلائنس/ اے ایف پی)

سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجی کمپنی کے شریک بانی بل گیٹس، سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ، گلوکارہ ریحانہ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور ڈزنی کے سربراہ باب ایگر دنیا کی ان امیر ترین شخصیات میں شامل ہیں جن کی ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے کی شادی سے قبل ہونے والی ایک تقریب میں شرکت متوقع ہے۔

28 سالہ اننت امبانی اس سال جولائی میں اپنے بچپن کی محبوبہ 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔

ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں یکم مارچ سے شروع ہونے والی تین روزہ تقریبات کو بڑے پیمانے پر شادی کی تقریبات کے لیے سٹیج کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

رادھیکا کا تعلق ایک ایسے خاندان کے ساتھ ہے جو ادویہ سازی کی صنعت سے وابستہ ہے۔

فوربز میگزین کی 30 جنوری، 2024 کو دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی جاری ہونے والی فہرست کے مطابق مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین شخص اور تیل و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیت ہیں۔ ان کا مقابلہ اڈانی گروپ آف کمپنیز کے سربراہ ارب پتی گوتم اڈانی سے ہے۔

شادی کی یہ تقریب رواں سال شادی کی دنیا کی سب سے بڑی تقریبات میں سے ایک ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

امبانی خاندان نے مہمانوں کے لیے تین روزہ تقریبات کا اہتمام کیا ہے جس میں مہمان 65 باورچیوں کی ٹیم کے تیارکردہ 2500 سے زیادہ پکوانوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

امبانی خاندان 85 ارب پاؤنڈ کی دولت کے ساتھ تمام شعبوں میں انڈیا کی صف اول کی کمپنیاں چلا رہا ہے جن میں تیل صاف کرنے کے کارخانے، مارکیٹنگ، ریٹیل کا کاروبار، ٹیلی مواصلاتی کمپنی جیو اور دیگر ڈیجیٹل سٹریمنگ سروسز شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شادی کی تقریب میں انڈیا کی نامور شخصیات شاہ رخ خان، ایشوریا رائے بچن، امیتابھ بچن، رجنی کانت، سلمان خان، دپیکا پڈوکون، رنبیر کپور، رنویر سنگھ، سچن تندلکر اور عالیہ بھٹ کی شرکت متوقع ہے۔

ایک فہرست کے مطابق تقریبات کا آغاز ’ایورلینڈ میں ایک شام‘ کے نام سے شاندار کاک ٹیل پارٹی کے ساتھ ہوگا جس کے بعد ہفتے کو جنگل تھیم پر تقریب ہو گی جس میں مہمانوں کو سفاری واک کے لیے آرام دہ جوتے پہننے کے لیے کہا گیا ہے۔

دولہے کی فطرت سے محبت کی بدولت شادی سے پہلے کے تقریب میں جنگلی حیات کی تھیم نمایاں ہو گی۔

دعوت نامے میں کہا گیا کہ ’اننت نے اس کمپلیکس کو پیار کے ساتھ ریسکیو کیے گئے ہزاروں جانوروں کی دیکھ بھال اور ان سے لگاؤ کا مقام بنا دیا ہے۔‘

جوڑے نے گذشتہ سال جنوری میں ممبئی میں عظیم الشان انٹیلیا میں امبانی خاندان کی رہائش گاہ پر ہونے والی روایتی تقریب میں منگنی کی تھی۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا