بیلجیئم کی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ فرانس میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے کا ایک پائلٹ جہاز گرنے سے پہلے چھلانگ لگانے میں کامیاب تو ہوگیا لیکن ہائی وولٹیج کی بجلی کی تاروں میں دو گھنٹے تک پھنسا رہا۔
حکام کے مطابق یہ جنگی طیارہ بیلجیئم سے فرانس کے ایک بحری اڈے کی طرف پرواز کر رہا تھا۔
ایک مقامی عہدے دار نے بتایا کہ ہنگامی امداد فراہم کرنے والے عملے نے علاقے کی بجلی منقطع کی، جس کے بعد ہوا باز کو تاروں سے اتار کر ہسپتال لے جایا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب جہاز گرنے کے مقام کو خالی کروا لیا گیا۔ البتہ ایک بیان کے مطابق یہ جہاز مسلح نہیں تھا۔
بیلجیئم کی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایک ایف 16 گر گیا ہے جبکہ اس میں سوار دونوں ہوا باز محفوظ رہے۔
فرانسیسی پولیس کی خاتون ترجمان نے کہا کہ مقامی شہریوں میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار جائے وقوع پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
آگ بجھانے والے عملے کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10:38 پر بلایا گیا تھا۔
جائے وقوع سے آنے والی تصاویر میں جہاز کے ملبے سے اٹھنے والے شعلے اور کم از کم ایک مکان کو پہنچنے والا نقصان دیکھا جا سکتا ہے۔
Un #F16 belge s’est crashé à #pluvigner dans le morbihan, le pilote est toujours suspendu à une ligne électrique via @LeTelegramme pic.twitter.com/wYtBAEhGvm
— LesNews (@LesNews) September 19, 2019
ایف 16 امریکی ساختہ جہاز ہے، اس میں ایک انجن ہوتا ہے اور یہ مختلف فرائض سرانجام دے سکتا ہے۔
یہ جہاز دنیا کی کئی ملکوں کی فضائیہ استعمال کرتی ہیں۔
© The Independent