سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان گرفتار

ملزمان نے سلمان خان کے اپارٹمنٹ کی پہلی منزل پر ایک گولی چلائی جو سامنے کی بالکونی کے ساتھ والی دیوار پر لگی اور پھر حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

بالی وڈ اداکار سلمان خان 27 دسمبر 2024 کو اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے گھر کے باہر جمع ہونے والوں کا ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ممبئی پولیس نے پیر کو رات گئے بالی ووڈ فلم سٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

ان افراد کو مغربی ریاست گجرات کے شہر سے گرفتار کیا گیا جہاں سے وہ فرار ہو گئے تھے۔

پولیس نے ان کی شناخت وکی گپتا اور ساگر پال کے طور پر کی ہے  اوردونوں شمال مشرقی ریاست بہارکے چمپارن ضلع کے رہنے والے ہیں۔

جوائنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) لکمی گوتم نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ یہ افراد ممبئی سے سورت فرار ہو گئے تھے اور پھر بھوج پہنچ گئے۔

لکمی گوتم نے انڈین ایکسپریس کو بتایا: ’انہیں ممبئی لایا جا رہا ہے جہاں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ہم ملزمان سے پوچھ گچھ کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انہیں فائرنگ کا کام کس نے دیا تھا۔

اس سے قبل اتوار کو معروف اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔

ممبئی پولیس کے ذرائع نے انڈین ییڈیا کو بتایا کہ سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہونے والی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ مشتبہ افراد کا تعلق شمالی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام سے ہے اور یہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ کا حصہ تھے۔

ملزمان نے سلمان خان کے اپارٹمنٹ کی پہلی منزل پر ایک گولی چلائی جو سامنے کی بالکونی کے ساتھ والی دیوار سے ٹکرا گئی اور پھر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے پانچ خول اور ایک بغیر چلا راؤنڈ ملا۔

فرانزک تجزیے سے معلوم ہوا کہ مشتبہ افراد نے 7.62 کیلیبر کا ہتھیار استعمال کیا۔

مشتبہ افراد میں سے ایک کی شناخت وشال نامی شخص کے طور پر ہوئی ہے جسے 2020 میں موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے انڈیا کے دارالحکومت دہلی کی تہاڑ جیل بھیج دیا گیا تھا۔

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وشال گروگرام میں مارچ میں ایک تاجر کے قتل کے سلسلے میں بھی مطلوب ہیں اور وہ بشنوئی گینگ کے رکن روہت گودارا کے لیے کام کرتے ہیں۔

گینگ لیڈر روہت گودارا خود مئی 2022 میں پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کے قتل کے لیے مطلوب ہیں اور ان پر شبہ ہے کہ وہ اس وقت کینیڈا سے کام کر رہے ہیں۔

مقامی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے وشال کے ساتھی کی بھی شناخت کر لی ہے لیکن ابھی تک اس کا نام نہیں بتایا گیا۔

سلمان خان جس کی حفاظت پر مسلح پولیس اہلکار تعینات رہتے ہیں اور اس حملے کے وقت اپنے خاندان کے ساتھ گھر پر تھے۔ تاہم اس حملے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کی پیٹرولنگ کار جسے سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر تعینات کیا جانا تھا، حملے کے وقت وہاں موجود نہیں تھی۔

پولیس ذرائع نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ گاڑی کو انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے کرکٹرز کے لیے سکیورٹی کے لیے ایک لگژری ہوٹل میں منتقل کیا گیا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو باندرہ کے علاقے گلیکسی اپارٹمنٹس میں سلمان خان کے گھر کی طرف فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ ان افراد نے حملے سے قبل علاقے کی ریکی کی تھی اور شہر چھوڑنے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ان کی گاڑی، ایک موٹر سائیکل، جو ممکنہ طور پر چوری کی گئی تھی، برآمد کر لی ہے۔

اس واقعے کے بعد لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے فیس بک پر حملے کی ذمہ داری قبول کی جسے انہوں نے محض ایک ‘ٹریلر’ قرار دیا۔ انہوں نے اداکار کو خبردار کیا کہ وہ ان کا امتحان نہ لیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’یہ پہلی اور آخری وارننگ ہے۔ اس کے بعد آپ کے گھر پر فائرنگ کی جائے گی۔‘

پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس پوسٹ کی تحقیقات کر رہے ہیں، جسے اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اداکار سے رابطہ کیا اور انہیں مدد اور پولیس تحفظ کا یقین دلایا۔

سلمان خان کو ماضی میں لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے کم از کم دو دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جب اداکار پر 1998 میں راجستھان میں کالے ہرن کو مارنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ کالے ہرن کو بشنوئی برادری مقدس تصور کرتی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن