مسک کا رومانوی ڈیپ فیک سکینڈل: خاتون کو کروڑ روپے کا نقصان

خاتون کے مطابق انسٹاگرام پر دوست بننے والے ’ایلون مسک‘ نے آفس سے اپنی تصاویر شیئر کیں، اپنے بچوں کے بارے میں بتایا اور یہ کہ وہ کیسے اپنے مداحوں سے وقتاً فوقتاً رابطہ کرتے ہیں۔

ایلون مسک اور ان کی اہلیہ تالولہ 11 فروری 2014 کو واشنگٹن میں فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کے اعزاز میں سرکاری عشائیے کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں موجود (اے ایف پی/ نکولس کے اے ایم ایم)

جنوبی کوریا کی ایک خاتون الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کے ارب پتی مالک ایلون مسک کی ایک رومانوی ڈیپ فیک ویڈیو کے ذریعے دھوکہ کھانے کے بعد سات کروڑ وون (ایک کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) سے محروم ہوگئیں۔

متاثرہ خاتون جیونگ جی سن (فرضی نام) نے کہا کہ یہ ایک خواب کی طرح تھا، جب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ایسے شخص سے بات کرنا شروع کی، جس کا دعویٰ تھا کہ وہ ایلون مسک ہے۔

خاتون نے کورین نیوز چینل کے بی ایس کو بتایا کہ ’ایلون مسک‘ نے آفس سے اپنی تصاویر شیئر کیں، اپنے بچوں کے بارے میں بتایا اور یہ کہ وہ کیسے اپنے مداحوں سے وقتاً فوقتاً رابطہ کرتے ہیں۔

انہوں نے چینل کو بتایا: ’میں نے گذشتہ سال ایک خواب جیسا کچھ تجربہ کیا۔ 17 جولائی کو ’مسک‘ نے مجھے انسٹاگرام پر فرینڈ کے طور پر ایڈ کیا۔ اگرچہ میں مسک کی سوانح عمری پڑھنے کی بعد ان کا بہت بڑی مداح رہی ہوں لیکن ابتدا میں مجھے ان پر شک ہوا۔‘

ان کے بقول: ’مسک نے مجھے اپنا شناختی کارڈ اور دفتر سے اپنی ایک تصویر بھیجی۔ اس کے علاوہ ’مسک‘ نے اپنے بچوں کے بارے میں اور ٹیسلا اور سپیس ایکس کے دفاتر جانے کے لیے ہیلی کاپٹر کے سفر کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ وہ اپنے مداحوں سے وقتاً فوقتاً رابطہ کرتے ہیں۔‘

انہوں نے اپریل 2023 میں جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں بھی بات کی جب انہوں نے ملک کو ٹیسلا کی وسیع و عریض فیکٹری بنانے کے لیے ایک مثالی جگہ قرار دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انسٹاگرام پر اپنے اس نئے دوست کے بارے میں خاتون کے ابتدائی شکوک و شبہات اس وقت دور ہوئے، جب ان کی ویڈیو کال ہوئی اور وہ انسان جسے وہ امریکی بزنس مین ’مسک‘ سمجھتی تھیں، نے ان سے اپنی محبت کا اعتراف کیا۔

دراصل نامعلوم شخص اس وقت ایلون مسک کی ڈیپ فیک ویڈیو استعمال کر رہا تھا۔ خاتون نے مزید بتایا: ’جب ہم نے ویڈیو کال پر بات کی تو ’مسک‘ نے مجھ سے یہاں تک کہا کہ میں تم سے پیار کرتا ہوں، تم جانتی ہو نا؟‘ اس کے بعد دھوکے باز شخص نے خاتون کو ایک کورین بینک اکاؤنٹ فراہم کیا اور انہیں اپنی رقم لگانے پر آمادہ کیا تاکہ وہ امیر بن سکیں۔

خاتون نے کہا کہ جعلی مسک نے انہیں بتایا کہ ’مجھے خوشی ہوتی ہے جب میرے مداح میری وجہ سے امیر بنتے ہیں۔‘

یہ سپیس ایکس کے بانی کے بارے میں تازہ ترین واقعہ تھا جن کی مقبولیت حالیہ برسوں میں بڑھی ہے۔ دھوکہ دہی کرنے والے شخص ارب پتی ایلون مسک کی شناخت معصوم لوگوں سے رقم ہتھیانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

2021 میں ہیمپشائر میں ایک سکول ٹیچر کو بٹ کوائن سکینڈل کے ذریعے اپنی رقم سے اس وقت ہاتھ دھونے پڑ گئے تھے جب ان سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ مسک ان کے سرمائے کو دوگنا کر دیں گے۔ جولی بشنیل نامی خاتون نے ایک جعلی سکیم میں نو ہزار پاؤنڈ گنوا دیے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی ارب پتی انہیں مفت بٹ کوائن دیں گے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی