پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بدھ کو ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان ’دل سے پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں۔‘
یکم مئی کو یوم مزدور کی مناسبت سے مزدوروں سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ابھی میں سعودی عرب سے آیا ہوں اور وہاں میرے انتہائی قابل احترام بھائی ولی عہد محمد بن سلمان دل سے چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور یہاں خوش حالی آئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں دو دن سعودی عرب رہا جہاں میرے دن رات سعودی وزرا کی ٹیموں سے ملاقاتیں ہوئیں جو انتہائی تسلی بخش تھیں۔ چند دنوں میں سعودی کاروباری حضرات پاکستان کے دورے پر پہنچنے والے ہیں اور اس سے ہمارے تجارتی روابط بڑھیں گے۔‘
عالمی اقتصادی فورم کے ریاض میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے سعودی عرب میں تھے۔ اپنے دورے کے اختتام پر منگل کی شب ایک بیان میں وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہات مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہیں۔‘
بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے۔
’پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے۔‘
یوم مزدور یکم مئی 2024کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حصول کی خاطر کھیتوں، کھلیانوں، کارخانوں اور مختلف شعبوں میں محنت سے دن رات اس ملک کی معیشت اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
’یہ لوگ نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے دن رات ایک کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کے لیے بھی اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جلد ہی قومی لیبر کانفرنس منعقد کرے گی۔ ’پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجھے اس بات کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے ذیادہ متاثر کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ہم بہتر اور کم لاگت رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کے لیے موزوں ماحول میسر ہو۔ اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ’ہمیں امید ہے کہ مالی و اقتصادی استحکام کے موجودہ مثبت رجحان کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ تاہم روزگار کے نئے مواقع سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کے لیے ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہو گی۔‘