پنجاب میں عوام کو صحت کی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے 32 فیلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کردیا گیا ہے، جن کی نگرانی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود کریں گی۔
قذافی سٹیڈیم، لاہور میں مریم نواز نے ان فیلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ہسپتال چھ ہفتوں کے اندر مکمل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد دور دراز علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز تک صحت کی سہولت پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتال میں وہ تمام سہولیات دی گئی ہیں جو ایک کلینک میں ہوتی ہیں۔ ’32 فیلڈ ہسپتال آج سے پورے پنجاب میں پھیل جائیں گے۔ جن علاقوں میں ہسپتال نہیں وہاں کسی ایک مرکزی پوائنٹ پر فیلڈ ہسپتال کھڑے کیے جائیں گے اور وہاں اعلان کیا جائے گا تاکہ لوگ اس تک پہنچ کر اپنا علاج کروا سکیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید بتایا تھا کہ فیلڈ ہسپتال میں الٹرا ساؤنڈ، ڈائیگنوسٹک اور ای سی جی کی سہولت کے علاوہ 130 ادویات موقعے پر مفت ملیں گی۔ اس کے علاوہ او پی ڈی، ایکسرے، ریڈیالوجی، ڈیلیوری، مائنر سرجری اور حفاظتی ٹیکوں کی سہولت کے علاوہ لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی موجود ہوں گی۔
انڈپینڈنٹ اردو نے اس فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں صحت کی بنیادی سہولیات سمیت ایکسرے، ای سی جی، الٹرا ساؤنڈ اور 13 مختلف ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود ہے۔
فیلڈ ہسپتال میں موجود ڈاکٹر صبا ممتاز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ایک فیلڈ ہسپتال میں 12 افراد پر مشتمل عملہ ہوگا، جس میں ایک لیڈی ڈاکٹر، ایک میڈیکل آفیسر، لیڈی ہیلتھ ورکر، پیرا میڈک سٹاف، ٹیکنیشن اور کلینرز وغیرہ شامل ہوں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ ڈیڑھ ماہ سے فیلڈ ہسپتال کے ٹرائل میں تربیت لے رہی ہیں اور ان کے خیال میں یہ حکومت پنجاب کی ایک اچھی کاوش ہے جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے افتتاحی تقریب میں سیکرٹری ہیلتھ علی جان کی بہت تعریف کی کہ ان کی دن رات کی محنت سے یہ فیلڈ ہستال اتنی کم مدت میں آپریشنل ہوئے۔
اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ وہ خود فیلڈ ہسپتال کے ساتھ جا کر دیکھنا چاہتی ہیں کہ یہ کیسے کام کرے گا اور لوگوں کو کیا سہولیات میسر آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ہسپتالوں کا لائیو ڈیش بورڈ وزارت صحت کے علاوہ ان کے اپنے پاس بھی ہے اور وہ خود ہر ہسپتال کو ٹریک کریں گی کہ یہ ہسپتال کہاں کہاں اور کس طریقے سے کام کر رہا ہے۔
مریم نواز نے آخر میں یہ بھی کہا کہ ’پہلے کنٹینر کا استعمال جلاؤ گھیراؤ اور ’بل پھاڑ دو‘ کے لیے ہوتا تھا، لیکن جب کوئی حکومت خدمت کی نیت سے آتی ہے تو کنٹینرز کا یہ استعمال بھی ہوتا جو ہم نے فیلڈ ہسپتالوں کے لیے کیا۔‘