اطلاعات کے مطابق ایلون مسک اپنے متنازع مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹ گروک کو طاقت دینے کے لیے دنیا کا طاقتور ترین مصنوعی ذہانت کا سپر کمپیوٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
جریدے دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق کار ساز کمپنی ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سربراہ اس منصوبے کے لیے ایک لاکھ این ویڈیا سیمی کنڈکٹر چپس خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ منصوبے رواں ماہ اپنے مصنوعی ذہانت کے سٹارٹ اپ ایکس اے آئی کے سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیے گئے، جن میں مسک نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ وہ ’گیگا فیکٹری آف کمپیوٹ‘ بنانا چاہتے ہیں۔
این ویڈیا کے فلیگ شپ ایچ 100 گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یو) کا استعمال کرتے ہوئے، مجوزہ مشین اس وقت موجود سب سے بڑے جی پی یو کلسٹروں سے کم از کم چار گنا بڑی ہو گی۔
اربوں ڈالر کے اس منصوبے کے بارے میں یہ رپورٹ ایکس اے آئی کے لیے اربوں ڈالر کا سرمایہ جمع کرنے کے دور کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، جس کا اعلان سٹارٹ اپ نے اتوار کو کیا۔
ایک بلاگ پوسٹ میں چھ ارب ڈالر کی سیریز بی فنڈنگ راؤنڈ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایکس اے آئی نے کہا کہ اس کی بنیادی توجہ جدید مصنوعی ذہانت کے نظام کی ترقی پر ہے جو ’درست، اہل اور پوری انسانیت کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند‘ ہوں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ’ایکس اے آئی آنے والے مہینوں میں ترقی کا یہ تیز سفر جاری رہے گا، جس میں متعدد دلچسپ ٹیکنالوجی اپ ڈیٹس اور مصنوعات کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
’راؤنڈ سے ملنے والے فنڈز کو ایکس اے آئی کی پہلی مصنوعات کو مارکیٹ میں لے جانے، جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز میں تحقیق اور ترقی کو تیز کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔‘
ایکس اے آئی نے نومبر 2023 میں گروک کو مقبول اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے ’اینٹی ووک‘ متبادل کے طور پر متعارف کروایا جسے اوپن اے آئی اور گوگل کے بارڈ نے تیار کیا۔
مسک نے اس کی رونمائی کے وقت کہا کہ اس نے ایکس صارفین کو اس سے ’تیکھے سوالات پوچھنے کی اجازت دی ہے جو مصنوعی ذہانت کے زیادہ تر دوسرے نظاموں نے مسترد کر دیے۔ مثال کے طور پر کوکین جیسی کلاس اے منشیات کی بنانے کی ترکیبیں۔‘
گروک متعارف کرواتے ہوئے ہوئے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’گروک کو قدرے مزاح کے ساتھ سوالات کا جواب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں باغیانہ رجحان پایا جاتا ہے۔‘
’اگر آپ مزاح سے نفرت کرتے ہیں تو براہ مہربانی اس کا استعمال نہ کریں!‘
اپنی تازہ ترین بلاگ پوسٹ میں نئے فنڈز کا اعلان کرتے ہوئے ایکس اے آئی نے بات اس طرح ختم کی کہ ’کمپنی کا مشن کائنات کی حقیقی نوعیت کو سمجھنا ہے۔‘
© The Independent