بالی وڈ کے نامور فلم ساز رام گوپال ورما نے انکشاف کیا ہے کہ 2002 کی گینگسٹر فلم ’کمپنی‘ کے مرکزی کردار کے لیے اجے دیوگن اور وویک اوبرائے کی بجائے شاہ رخ خان اور ابھیشک بچن ان کی اولین ترجیح تھے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق رام گوپال نے کہا کہ انہوں نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے کردار کی پیش کش شاہ رخ خان کو کی تھی اور وہ چاہتے تھے کہ ابھیشک بچن چھوٹا رجن کا کردار ادا کریں۔
مزید یہ کہ انہوں نے موہن لال کو دیے جانے والے پولیس افسر کے کردار کے لیے پہلے کمل حسن کے بارے میں سوچا تھا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنی کئی فلموں پر بات کی اور ’کمپنی‘ میں اہم مناظر اور کاسٹنگ پر گفتگو کی۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اجے دیوگن ہمیشہ اس فلم میں مرکزی کردار کے لیے ان کی پہلی پسند تھے؟ رام گوپال نے کہا: ’اس وقت میں شاہ رخ کو اس کردار میں دیکھنا چاہتا تھا۔ میں نے شاہ رخ سے بات بھی کی تھی اور وہ بھی بہت پرجوش تھے۔
’میں داؤد ابراہیم کے کردار کے لیے شاہ رخ کو ہی پسند کرتا تھا لیکن میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت پرجوش ہیں۔ ان کی توانائی کو، جس طرح سے وہ ہیں، لوگ پسند کرتے ہیں۔
’میں نے سوچا کہ ان (شاہ رخ) کو کردار کے مطابق تھوڑا سا خاموش اور ٹھنڈا مزاج دکھانا ہو گا جو سکرین پر بہت عجیب لگے گا۔
’اس وجہ سے میں نے اپنا ارادہ بدل دیا۔ میں نے ان سے صرف ایک ملاقات کی تھی لیکن میں نے انہیں فلم میں نہیں لیا کیونکہ میں نے محسوس کیا کہ ان کی باڈی لینگویج اس کردار کے لیے درست نہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا: ’ایک اداکار ہوتا ہے اور ایک پرفارمز۔ شاہ رخ ایک پرفارمر ہیں۔ وہ انتہائی متحرک ہیں اور ناظرین کو ان کی اسی چیز سے پیار ہے۔
’تو یہ سست کردار اجے دیوگن کی فطری باڈی لینگویج سے مطابقت رکھتا تھا۔ اس لیے میں نے سوچا کہ اجے اس کردار کے لیے زیادہ موزوں ہیں اور ایسا ہی ہوا۔‘
فلم کمپنی میں چندو کے کردار کے لیے وہ ابھیشک کو لانا چاہتے تھے لیکن وہ دوسری فلموں میں مصروف تھے۔
یہاں تک کہ ممبئی پولیس کمشنر کا کردار بھی موہن لال کے لیے ڈیزائن نہیں کیا گیا تھا۔
ان کے بقول: ’شروع میں، میں اس کردار کے لیے کمل حسن کو لینا چاہتا تھا۔ میں ان سے ملا بھی لیکن ادھر بھی مجھے وہی مسئلہ محسوس ہوا جو شاہ رخ کے ساتھ تھا۔
’دونوں کا فطری سٹارڈم ایک حقیقت پسندانہ فلم میں کام نہیں کرے گا۔ اس کی وجہ سے میں نے اپنا ارادہ بدل لیا اور موہن لال سے رابطہ کیا۔‘
کمپنی رام گوپال ورما کی گینگسٹر فلموں میں نمایاں تھی۔ اس سے قبل ان کی ’ستیہ‘ اور ’ڈی‘ بھی کافی مقبول ہوئیں۔
شاہ رخ نے بعد میں ایک اور فلم ’رئیس‘ میں گینگسٹر کا کردار ادا کیا تھا جو باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوا۔