غزہ میں تقریباً نو ماہ سے جاری جنگ کے دوران کشیدگی میں اضافے کے دوران لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے جمعرات کو اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر 200 سے زیادہ راکٹ اور ڈرون فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے کہا کہ اس کا تازہ حملہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں تنظیم کے ایک سینئر کمانڈر کی موت کے جواب میں کیا گیا۔ گذشتہ روز بھی حزب اللہ نے اسرائیل پر 100 سے زائد راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا تھا۔
حزب اللہ کے اس حملے کے بعد اسرائیل نے اپنے شمالی سرحدی علاقے میں کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا جہاں سے زیادہ تر کمیونٹیز کا انخلا کر لیا گیا تھا۔ لیکن اسرائیلی حکام نے فوری طور پر کہا کہ اس نے جوابی کارروائی میں جنوبی لبنان میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سات اکتوبر کو غزہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے تقریباً روزانہ سرحد پار فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ یہ جھڑپیں مکمل جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیریش نے کہا ہے کہ جھڑپوں میں اضافہ پریشان کن ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انتونیو گوتیریش کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے بدھ کو جاری بیان میں کہا: ’اگر یہ (اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں) مکمل جنگ میں بدل گئی تو پورے مشرق وسطیٰ کے لیے خطرے سے خالی نہیں ہو گا۔‘
اسرائیلی فوج نے جمعرات کو کہا کہ اس کی افواج ’لبنان سے اسرائیلی علاقے میں فائر کیے گئے متعدد پروجیکٹائل اور مشتبہ فضائی اہداف کے بعد جنوبی لبنان میں ان کے لانچ پوسٹوں پر حملہ کر رہی ہیں۔‘
فوج نے مزید کہا کہ فائر کیے گئے زیادہ تر راکٹوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں مار گرایا لیکن حملوں کے بعد ’شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں میں آگ لگ گئی۔‘
اسرائیل نے بدھ کو لبنان کے ساحلی قصبے طائر کے قریب حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر محمد نعمة ناصر کو نشانہ بنایا تھا۔
حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ مارے گئے سینئر کمانڈر جنوبی لبنان تنظیم کے تین اہم ترین شعبوں میں سے ایک کو کمانڈ کر رہے تھے۔ ایک اور سرحدی سیکٹر کے کمانڈر گذشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے۔‘
حزب اللہ نے کہا کہ ’دشمن کی طرف سے کیے گئے قتل کے جواب میں انہوں نے اسرائیلی اڈوں پر 200 سے زیادہ راکٹ اور دھماکہ خیز ڈرونز کا ایک سکواڈرن فائر کیا ہے۔
صبح کے وقت شمالی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے تھے۔