میلبرن ٹیسٹ: کوہلی کا ’نامناسب رویہ‘، میچ کا 20 فیصد جرمانہ عائد

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا کے 19 سالہ اوپنر کونسٹاس اس وقت ششدر رہ گئے جب انہیں بغیر کسی وجہ کے کوہلی نے کندھا دے مارا۔

26 دسمبر 2024 کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کوہلی، سیم کونسٹاس کو ٹکر مارنے کے بعد بلے باز سے بحث کر رہے ہیں (اے ایف پی)

آسٹریلیا اور انڈیا کے مابین میلبرن میں کھیلے جا رہے چوتھے اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک اور متاثر کن کیریئر کے مالک وراٹ کوہلی کی فیلڈ پر نامناسب حرکت پر سب حیران رہ گئے۔ 

کوہلی اگرچہ میدان پر اپنے جارحانہ رویے کے لیے مشہور ہیں، لیکن ان کے زیادہ تر ردعمل اس وقت سامنے آتے ہیں جب انہیں غلط آؤٹ دیا جائے یا تماشائی بیہودہ اشارے کریں۔

لیکن اپنی عمر سے تقریباً نصف ایک نوجوان ڈیبیو کرنے والے بیٹر کو کندھا مارنے کا واقعہ مضحکہ خیز ہے، کیونکہ اس واقعے میں کوہلی جان بوجھ کر الجھے۔

آسٹریلیا کے 19 سالہ اوپنر سیم کونسٹاس، جو آج میلبرن میں جسپریت بمرا اور دیگر انڈین بولرز کو مشکل وقت دے رہے تھے، اس وقت ششدر رہ گئے جب انہیں پچ کے درمیان چلتے ہوئے بغیر کسی وجہ کے کوہلی نے کندھا مارا۔

وڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ کوہلی کا یہ عمل ارادی تھا کیوں کہ انہیں جگہ کی ایسی کوئی تنگی نہیں تھی کہ وہ کونسٹاس سے بچ کر نہ نکل جاتے۔

کونسٹاس معمول کی طرح اوور ختم ہونے کے بعد پچ کے درمیان جا رہے تھے جہاں وہ اپنے ساتھی بلے باز سے بات کرتے، یہ ایک ایسا معمول ہے جو دنیا کا ہر بلے باز کرتا ہے اور فیلڈنگ کرنے والی ٹیم اس کا احترام کرتی ہے۔

یہ معاملہ اس وجہ سے بھی سوشل میڈیا پر زیادہ شدت سے زیر بحث ہے کہ کوہلی نے کونسٹاس کو اس وقت کندھا مارا جب وہ شاندار بیٹنگ کر رہے تھے۔

پہلے ہی ٹیسٹ میں ان کی جارحانہ اوپننگ سے ایم سی جی میں موجود 60 ہزار سے زائد تماشائی لطف اندوز ہو رہے تھے۔ 

اس نوجوان کرکٹر نے 65 گنیدوں پر 60 رنز بنائے۔ ان کی بیٹنگ کی خاص بات غیر روایتی شاٹ تھے۔ ان کے جسپریت بمرا جیسے بولر کو سکوپ اور ریورس سوئپ بہت غیر معمولی تھے۔ 

شاید ان کی اس جارحانہ بیٹنگ سے انڈین ٹیم پریشان تھی اور کوہلی نے اپنا غصہ اس طرح نکالا۔  

اس سے قبل متعدد بار فیلڈ پر جارحانہ رویہ دکھانے والے کوہلی کو عالمی کرکٹ کا انا پرست کھلاڑی سمجھا جاتا ہے۔

سال رواں میں وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران امپائرز سے الجھتے رہے اور ان پر جرمانے بھی ہوئے۔ 

دنیا بھر سے ان کے اس عمل کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے واقعے کو کوہلی کی زیادتی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ امپائرز اسے بہت قریب سے دیکھیں گے۔

کونسٹاس نے میچ کے بعد انٹرویو کے بعد کہا کہ ’میں کوہلی کے اس طرز عمل پر حیران ہوگیا۔ میرے لیے یہ ایک ناقابل فراموش واقعہ ہے۔

’میں اپنے گلوز دیکھتے ہوئے ساتھی بلے باز کی طرف جا رہا تھا کہ مجھے اپنے کندھے پر کچھ لگنے کا احساس ہوا جب نظر اٹھائی تو کوہلی مجھ سے ارادی طور پر ٹکرا رہے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کونسٹاس نے اس چھیڑ چھاڑ کا جواب اگلے اوور کی پہلی گیند پر بمرا کو چوکا مار کر دیا۔ ان کی بیٹنگ نے انڈین ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھلا دیے تھے۔ 

کوہلی کے اس طرز عمل پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے امپائرز کی رپورٹ پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ چارج کیا ہے۔

ایک عظیم بلے باز کے لیے یہ قابل شرم بات ہے کہ اس کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا جائے۔  

کوہلی کے اس طرز عمل پر اگرچہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، لیکن انگلینڈ کے اخبار دی گارڈین نے اسے قابل افسوس دن قراد دیتے ہوئے لکھا کہ کرسمس کی خوشیوں بھری فضا بھی کوہلی کو اس عمل سے نہیں روک سکی۔ 

آسٹریلیا کے چینل سیون پر رکی پونٹنگ نے کہا: ’وراٹ پوری پچ کے درمیان آئے اور یہ تصادم شروع کیا۔ میرے ذہن میں اس پر کوئی شک نہیں۔‘

سابق انڈین کپتان اور کوچ روی شاستری نے کوہلی کے اس عمل کو ’انتہائی غیر ضروری‘ قرار دیا۔

انہوں نے فوکس سپورٹس پر کہا: وراٹ سینیئر کھلاڑی ہیں، وہ کپتان رہ چکے ہیں۔ اس معاملے پر ان کے اپنے جواز ہوں گے، لیکن یہ وہ چیز ہے جو آپ نہیں دیکھنا چاہتے۔‘

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت کسی دوسرے کھلاڑی کے ساتھ ’جسمانی ٹکراؤ‘ غیر قانونی ہے اور گورننگ باڈی ایسے کسی بھی عمل پر جرمانہ یا ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کر سکتی ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے اس واقعے پر کہا کہ کوہلی کا رویہ ’بالکل غلط‘ تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ