سینچورین ٹیسٹ: پہلے دن 13 وکٹیں گر گئیں، پاکستان کے 211 رنز

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ 82 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکا ہے۔

جنوبی افریقی بولر بوش 26 دسمبر، 2024 کو سینچورین میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستانی بیٹر عامرجمال کو آؤٹ کرنے کے بعد (اے ایف پی)

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جمعرات کو سینچورین میں پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بولرز کے نام رہا، جب کھیل ختم ہونے تک کُل 13 وکٹیں گر چکی ہیں۔

پاکستان کے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز آل آؤٹ کے بعد جنوبی افریقہ بھی اپنی پہلی تین وکٹیں 82 رنز پر گنوا چکا ہے۔  

سینچورین کی پچ نے، جو تیز بولرز کے لیے بہت پرکشش سمجھی جاتی ہے، پہلے دن اپنی روایت برقرار رکھی۔  

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ہر طریقے سے مناسب اور توقعات کے مطابق تھا۔ دونوں ٹیمیں چار، چار تیز بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں۔ 

پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز متزلزل انداز میں کیا۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اور مارکو یانسن کی تیز اٹھتی ہوئی گیندیں اوپنر شان مسعود اور صائم ایوب کو تنگ کرتی رہیں۔ 

شان، جو کافی عرصے کے بعد اوپننگ کر رہے ہیں، روایتی انداز سے تیز کھیلنے کی کوشش کرتے رہے۔

پاکستان کا سکور جب 36 رنز پر پہنچا تو شان 17 رنز بنا کر کوربن بوش کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ صائم بھی 14 رنز بنا کر ڈین پیٹرسن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

بابر اعظم کی ٹیسٹ فارمیٹ میں واپسی خوش گوار نہیں تھی۔ وہ بھی جلد چار رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔  

نائب کپتان سعود شکیل جلد بازی کا شکار ہوئے اور 14 رنز بنا کر بوش کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی 56 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد کامران غلام اور محمد رضوان کی 81 رنز کی ساجھے داری نے پاکستان کو مشکلات سے نکالا لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک نہ رک سکے۔  

کامران نے کچھ اچھے شاٹ کھیلے اور اننگز کی واحد نصف سنچری بنائی۔ وہ 54 رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

رضوان 27 رنز بناکر پیٹرسن کا ہی نشانہ بن گئے۔  پاکستان کے باقی بلے باز زیادہ جدوجہد نہ کرسکے اور پوری ٹیم 211 رنز پر آؤٹ ہوگی۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے پیٹرسن نے پانچ اور اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کوربن بوش نے چار وکٹیں لیں۔ 

جنوبی افریقہ کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا۔ اوپنر ٹونی ڈے زورزی دو رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔  

ریان رکلٹن کو بھی خرم نے آٹھ رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹرسٹن سٹب نو رنز بنا کر عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ایڈم مارکرم نے البتہ اچھی بیٹنگ کی اور 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ان کے ساتھ کپتان ٹمبا باووما چار رنز پر ان کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔  

جنوبی افریقہ کی ٹیم اب بھی 129 رنز کے خسارے میں ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ