سعودی عرب پاکستان کی اہم سیاحتی و کاروباری نمائش کا ٹائٹل پارٹنر

پاکستان ٹریول مارٹ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ٹورازم اتھارٹی اس سال کی تقریب میں بطور ٹائٹل پارٹنر شراکت کرے گی۔

پاکستان ٹریول مارٹ کے منتظمین کی جانب سے جاری کردہ پوسٹر (پی ٹی ایم، انسٹاگرام)

پاکستان میں سیاحتی و کاروباری نمائش (ٹریول ٹریڈ شو) منعقد کرنے والے ادارے پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ٹورازم اتھارٹی اس سال کی تقریب میں بطور ٹائٹل پارٹنر شراکت کرے گی۔

پاکستان ٹریول مارٹ کا چوتھا ایڈیشن 31 جنوری سے دو فروری 2025 تک کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ہو گا، جس کے بعد چار اور پانچ فروری کو اسلام آباد میں بھی ایک روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔

اس ایونٹ میں ملکی اور عالمی سیاحت کے شعبے کے اہم شراکت دار شریک ہوں گے۔

مذکورہ ادارے کی چیف مارکیٹنگ آفیسر ادیبہ خالد جدون نے سعودی شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

’ہم سعودی عرب کو اس سال بطور شراکت دار خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی ٹورازم اتھارٹی ہماری ٹائٹل پارٹنر ہے اور اس شراکت سے ہم سیاحت کے شعبے میں نئے مواقع تلاش کریں گے۔‘

سعودی ٹورازم اتھارٹی کی ٹریڈ کی سربراہ اور قائم مقام کنٹری ہیڈ صوفیہ الخاور نے پاکستانی سیاحوں کے لیے سعودی عرب کی نئی پیشکشوں پر روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم مختلف شعبوں میں پاکستانی سیاحوں کی مدد کر رہے ہیں، چاہے وہ کاروباری دورے ہوں، خواتین کے لیے سیاحتی مواقع، یا تاریخی اور ثقافتی مقامات کی سیر، سعودی عرب میں ہر کسی کے لیے کچھ نہ کچھ ہے۔

’ہم آٹھ عالمی ثقافتی ورثہ مقامات کے حامل ملک کی حیثیت سے دنیا کے سب سے بڑے ’ریو فیسٹیول‘ کی میزبانی بھی کرتے ہیں۔‘

رواں سال ٹریول ٹریڈ شو میں سعودی عرب ایک خصوصی پویلین پیش کرے گا، جہاں شرکا کو سعودی ثقافت، سیاحت، اور مستقبل کے منصوبوں کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صوفیہ الخاور نے مزید کہا کہ ’اگر آپ سعودی عرب کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں، تو اس ٹریول ٹریڈ شو میں ضرور آئیں۔

’یہاں آپ کو سعودی عرب کے خوبصورت ورثے اور جدید ترقی کی جھلک ملے گی۔‘

ادیبہ جدون نے اس شراکت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ شراکت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔ سعودی عرب نے سیاحت کو جس طرح جدید اور عالمی معیار پر لے جانے کا کام کیا ہے، وہ کسی اور ملک میں نظر نہیں آتا۔‘

جدون نے سعودی عرب میں موجود روایت اور جدیدیت کے امتزاج کو بھی سراہا۔

’ایک طرف نیوم جیسے جدید ترین منصوبے ہیں، جو ٹیکنالوجی کی بنیاد پر بنائے گئے ہیں اور دوسری طرف العلا جیسے مقامات ہیں، جو ثقافتی تحفظ کی مثال ہیں۔

’سعودی عرب میں ہر مسافر کے لیے کچھ نہ کچھ خاص موجود ہے۔‘

پی ٹی ایم میں اس مرتبہ ایک ٹیکنالوجی ہال بھی متعارف کروایا جائے گا جہاں سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیاں، سٹارٹ اپس اور جدید پلیٹ فارمز اپنی خدمات پیش کریں گے۔

یہ ہال پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبے میں مستقبل کے مواقع کو اجاگر کرے گا۔

اس کے علاوہ پی ٹی ایم 2025  میں ’لرننگ انکلیو‘ بھی ہوگا، جہاں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین اپنے تجربات، تحقیق، اور مشاہدات شرکا کے سامنے پیش کریں گے۔

انکلیو میں انٹرایکٹو سیشنز، پینل ڈسکشنز، اور دلچسپ مظاہرے شامل ہوں گے جو شرکا کو ایک منفرد تجربہ فراہم کریں گے۔

ادیبہ خالد جدون نے مزید کہا کہ ’ہم  پی ٹی ایم 2025 کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے سیاحتی صنعت کے لیے ایک یادگار ایونٹ بنانا چاہتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان