پاکستان: کشمیر میں سولر انرجی سے چلنے والی ’کارٹ‘ کا افتتاح

شمسی توانائی سے چلنے والی اس کارٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کے بعد ماحول دوست توانائی سے چلنے والی ایسی مزید گاڑیاں بھی چلائی جائیں گی۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میرپور میں ضلعی انتظامیہ، حکومت اور پرائیوٹ پارٹنر شپ کے اشتراک سے آزمائشی بنیادوں پر ایسی کارٹ سروس کا اغاز کیا گیا جو مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلے گی۔

اس منی کارٹ میں 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، یہ سروس میرپور شہر کے مختلف علاقوں میں اپنی خدمات فراہم کرے گی جس کا فی سٹاپ کا کرایہ 30 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اس ماحول دوست آزمائشی سروس کے بعد اسے بڑے پیمانے پر چلائے جانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض نے چوک شہیداں میرپور سے پہلی سولر منی ’کارٹ‘ سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔

شمسی توانائی سے چلنے والی اس کارٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کو فی الحال آزمائشی طور پر شروع کیا گیا ہے جس کی کامیابی کے بعد میرپور شہر کے مزید علاقوں کے لیے سولر کارٹ سروسز شروع کی جائیں گی۔

یہ آزمائشی پراجیکٹ پرائیویٹ سیکٹر کے مقامی سرمایہ کار نعمان مشتاق اور ضلعی انتظامیہ میرپور کے مشترکہ تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔

اس پراجیکٹ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض کا کہنا تھا کہ ’میرپور اوورسیز کا شہر ہے اس شہر میں بین الاقوامی نوعیت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنی سطح پر کاوش کر رہی ہے اور اس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی طرف بھی جایا جا رہا ہے۔‘ 

ان کے مطابق: ’اس کی پہلی سیڑھی سولر کارٹ سروس ہے جس کی کامیابی پر اس پائلٹ پراجیکٹ کو پاکستانی کشمیر کے دیگر شہروں اور دیہی علاقہ جات میں بھی چلایا جائے گا۔‘

اس منصوبے کا بنیادی خیال پیش کرنے والے نعمان مشتاق کا کہنا ہے کہ ’یہ ٹرانسپورٹ ماحول دوست اور دوسری ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں نہایت سستی ہے اور سب سے اہم یہ کہ یہ ماحولیاتی آلودگی کے بڑے موجب ’دھوئیں‘ سے مکمل پاک ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس کارٹ کو پہلے مرحلے میں شہر کی اہم اور مصروف شاہراہ ’کلیال‘ سے ’تھوتھال‘ تک شروع کیا گیا ہے جس کا فی سٹاپ کرایہ 30 روپے رکھا گیا ہے۔

’جبکہ اگلے مرحلہ میں شہر کی دیگر شاہراؤں پر یہ سروس شروع کی جائے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس پراجیکٹ کو لانے میں مقامی حکومت اور ڈپٹی کمشنر میرپور نے بہت مدد کی ہے اس آزمائشی سروس کے آغاز کے ساتھ چار مزید منی کارٹس تیاری کی مراحل میں ہیں جنہیں عوام بہت جلد سڑک پر دیکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کارٹ کی بیٹری ایک مکمل چارج کے بعد 120 سے 125 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

’دن کے اوقات میں سفر کے ساتھ اس گاڑی کی چارجنگ بھی ہوتی رہتی ہے یعنی اگر پورا دن دھوپ ہے تو یہ گاڑی بنا رکے اپنا سفر جاری رکھ سکتی ہے لیکن سورج غروب ہونے کے بعد مکمل چارج پر یہ گاڑی 100 سے 125 کلومیٹر کی مائلیج دے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات