عُمان کی امام بارگاہ میں فائرنگ، چار پاکستانیوں کی اموات: دفتر خارجہ

عمانی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد اور ایک پولیس اہلکار جان سے گیا، جبکہ تین حملہ آور مارے گئے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے منگل کو بتایا کہ عُمان کے شہر مسقط میں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر حملے میں چار پاکستانیوں کی موت ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ 30 زخمی پاکستانیوں کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مارے جانے والوں میں چار پاکستانی، ایک انڈین، ایک مقامی شخص اور تین حملہ آور شامل ہیں۔

پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ کیا وہ حملے کی وجہ جان پائے ہیں یا آیا انہوں نے اس ضمن میں گرفتاریاں کی ہیں۔

قانون نافذ کرنے والوں نے حملے کے دوران بھاگنے والے کچھ پاکستانیوں کو گرفتار کرنے کے بعد چھوڑ دیا جبکہ کچھ تاحال زیر حراست ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کا عملہ اپنے شہریوں کی لاشوں کی شناخت اور ان کی وطن واپسی کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔

پاکستان نے عُمانی حکام کو محرم کے مہینے میں اس ’گھناؤنے جرم‘ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

اس سے قبل عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عُمان میں تعینات پاکستانی سفیر عمران علی نے بتایا تھا کہ ’حملے میں دو پاکستانی شہریوں کی شہادت ہوئی ہے جبکہ 30 زخمی ہوئے ہیں۔‘ 

عُمان میں پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار سیف اللہ نے انڈپینڈںٹ اردو کو بتایا کہ ’زخمیوں میں پاکستانی شہری شامل ہیں البتہ ان کی تعداد کے بارے میں رائل پولیس آف عُمان کے اعلان کے بعد ہی بتایا جا سکتا ہے۔‘

واقعے میں زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کی آگاہی اور مدد کے لیے عُمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے ہیلپ لائن قائم کر کے نمبرز شیئر کیے ہیں۔

سیف اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عُمان سے زخمی پاکستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے فون کالز کا تانتا بندھا ہوا ہے جن کو ضروری معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

عُمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے اپنی ایک ویڈیو میں مسقط میں مقیم پاکستانی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ’وادی کبیر‘ کے علاقے کی جانب نہ جائیں کیوں کہ اس علاقے کی ناکہ بندی کی گئی ہے۔

عُمان میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں کے عزیز زخمی ہیں وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، میں بھی تین چار ہسپتالوں میں گیا تھا، اللہ کے فضل سے میں نے جو زخمی دیکھے ہیں وہ نسبتاً محفوظ ہیں لیکن وہ حادثاتی صورت حال ابھی جاری ہے۔‘

لبنان کے خبر رساں ادارے الصوت نے ایک خبر میں بتایا کہ پاکستانی سفیر نے خولہ، النھدہ اور السلطانی ہسپتالوں میں زخمیوں سے ملاقات کی ہے۔

عمان کے دارالحکومت مسقط میں پولیس کے مطابق منگل کو ایک مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں چار اموات ہوئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رائل عُمان پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ’الوادی الکبیر کے علاقے میں ایک مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں جوابی کارروائی کی ہے۔‘

فورسز نے ابتدائی طور پر مشرقی مسقط کی ایک مسجد میں چار افراد کی موت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں اور حکام واقعے کی وجوہات پتہ لگانے لیے شواہد جمع کر رہے جبکہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا